پیر طریقتؒ کی زندگی سنت رسول کے عین مطابق تھی:پیر اجمل قادری

October 18, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) پیر طریقت مولانا حامد علی خان ؒ کے 41ویں اور صاحبزادہ قاری احمد میاں نقشبندیؒ کے پہلے عرس کی دوسری نشست کی صدارت سجادہ نشین قاری ناصر میاں نقشبندی نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عالمی مبلغ ا پیر محمد اجمل رضا قادری نے کہا کہ پیر طریقت کی پوری زندگی سنت رسول کے عین مطابق تھی۔ آپؒ حضرت صدیق اکبر ؓ اور مجدد الف ثانی کے اسوہ پر عمل پیرا تھے۔ آج ہم بطور امت محمدیہ اپنے کردار میں بہت پیچھے ہیں ۔امت کی اصلاح کی ذمہ داری ان خانقاہوں سے سچی محبت اور ان کے نقش قدم پر چلنے میں ہے۔قاری احمد میاں نے تمام زندگی ناموس رسالت کیلئے جدوجہد کی اور اپنے عظیم والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وقت کے ظالم حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کیا۔ عرس کی دوسری نشست میں قاری عبدالغفار نقشبندی نے تلاوت جبکہ کراچی سے مہمان نعت خواں محمد اسد رضا قادری، نوید گل، محمد عثمان قادری، محمد محسن رضا قادری اور سید فوزان رضوی نے نعت شریف پیش کیں۔