قونصل جنرل خالد مجید کی اوآئی سی کےجنرل سیکرٹری سے ملاقات

November 04, 2019

جدہ... قونصل جنرل پاکستان خالد مجید او آئی سی ہیڈ کوارٹر میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمدالعثیمین سے ملاقات کررہے ہیں، اس موقعے پہ نائب قونصل شائق بھٹو بھی موجود تھے

پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے گزشتہ دنوں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین سے جدہ میں او آئی سی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ قونصل جنرل مقرر ہونے کے بعد او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔ڈاکٹر العثیمین نے انہیں جدہ میں بطور قونصل جنرل کی تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خالد مجید سعودی عرب میں قیام کے دوران متحرک سفارتی کردار ادا کریں گے۔خالد مجید نے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے بانی ممبر کی حیثیت سے ، پاکستان تنظیم کی اقدار اور مقاصد کے لئے پرعزم ہیں۔

خالد مجید نے بتایا کہ او آئی سی کے لیے پاکستان کے مستقل مشن کا قیام آخری مراحل میں ہے ، جس سے او آئی سی کے ساتھ رابطہ اور تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم کی حمایت اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے فروغ میں اس کے کردار کی بہت قدر کرتا ہے۔ خالد مجید نے سیکریٹری جنرل سے درخواست کی کہ وہ جموں و کشمیر پر او آئی سی کے خصوصی ایلچی کو پاکستان بھیجیں ، تاکہ او آئی سی، بھارتی فورسز کے ہاتھوں لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سویلین آبادی کو ہونے والے نقصانات اور ہلاکتوں پر زمینی حقائق سے آگاہ ہو سکے۔