Advertisement

گلکرسٹ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل فور کا انتخاب، صف اول پاکستان آؤٹ

November 06, 2019
 

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے آئندہ برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا انتخاب کیا لیکن عالمی نمبر ایک پاکستان کو ہی نظر انداز کردیا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلکرسٹ کا کہنا تھا کہ بھارت کی ٹیم آئندہ برس ہونے والے عالمی میلے کا سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر فائنل کھیلے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ ایونٹ کون جیتے گا لیکن میری نظر میں بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے دور تک جانے یعنی سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات ہیں۔

اپنی اس گفتگو میں سابق آسٹریلین اوپنر نے پاکستان کو نظر انداز کردیا جو اس وقت عالمی رینکنگ میں نمبر ایک ٹیم ہے اور اس نے آئندہ برس ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بطور ٹاپ ٹیم ہی کوالیفائی کیا ہے۔

اس حوالے سے گلکرسٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس فارمیٹ کی نمبر ایک ٹیم ہے آپ انہیں بھی نظر انداز نہیں کرسکے، لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایک لاٹری کی طرح ہے اسی وجہ سے یہاں کسی کے بارے میں پیش گوئی کرنا اس وقت تک مشکل ہے جب تک آخری رن نہیں بن جاتا یا وکٹ نہیں لے لی جاتی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سال 2020ء میں آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

اس ایونٹ کا پہلا مقابلہ میزبان آسٹریلیا اور عالمی نمبر ایک پاکستان کے درمیان ہوگا۔


مکمل خبر پڑھیں