لال رنگ سے کچن سجائیں

November 22, 2019

لال رنگ کو دنیا بھر میں خاص اہمیت حاصل ہے۔بیشتر ثقافتوں میںلال رنگ خوش قسمتی اور امارات کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔ اکثر لوگ ڈائننگ روم میں لال رنگ کا اضافہ بہترین اور خوش قسمت تصور کرتے ہیں۔ماہرین بھی لال رنگ کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے مشورہ دیتے ہیں کہ اگر کسی کو متاثر کرنا ہے تو لال رنگ زیب تن کیا جائے۔

اگر آپ کسی کو اپنے گھر کی سجاوٹ کے ذریعے متاثر کرنا چاہتے ہیں تب بھی لال رنگ کااستعمال بہترین ثابت ہوسکتاہے۔ کچن چونکہ گھر کا مرکزی گوشہ اور خواتین کے سلیقے کا منہ بولتا ثبوت قراردیا جاتا ہے، اس لیے گھر کی سجاوٹ اور ڈیزائننگ کے دوران سب سے پہلے کچن کی جانب توجہ دیجیے۔ کچن میں لال رنگ کا استعمال متاثر کن انداز میں کرنے کے لیے درج ذیل ہدایات اور اسٹائل آپ کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

کیبنٹس

کچن کے لیےلال رنگ کے انتخاب کے مرحلے کے دوران اکثر لوگ تشویش میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ان کے مطابق لال رنگ کشادگی کے احساس پر غالب ہوجاتا ہے، اگر آپ کو بھی کچھ ایسا ہی لگتا ہے تو کاؤنٹر ٹاپ کےصرف نچلے حصے میں بنائی جانے والی لکڑی کی کیبنٹس کے لیے لال رنگ کا انتخاب کیجیے جبکہ اوپری حصے کی کیبنٹس کے لیے سفید رنگ کے سب وے اسٹائل ٹائلز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ اگر لال رنگ کے مختلف شیڈز کی طرف جائیں تو ان دنوں کرسپ چیری شیڈ (crisp cherry red)شیڈ ماڈرن اور منفرد لک دینے کے لیے بہترین ہے۔

لال رنگ کے اپلائنسز

کچن میں ونٹیج لک دینے کے لیے بھی لال رنگ کا استعمال کمال مہارت کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ لال رنگ کے چولہے یا سینٹر وال اوون کا اضافہ کریں تو یہ چولہے کچن کا فوکل پوائنٹ بننے میں کامیاب ہوجائیں گےکیونکہ لال رنگ دیگر رنگوں کے مقابلے میں دیکھنے والے کی توجہ حاصل کرنے میں تیزی سے کامیاب ہوجاتا ہے۔

کچن کو نیا لک دینے کے لیے اس رنگ کا اضافہ بآسانی کیا جاسکتا ہے مثلاً جس دیوار کے پاس چولہے لگانا مقصود ہو، اس دیوار کے لیے لال رنگ کے ٹائلز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی ہلکے رنگ وروغن والے کچن میں مختلف اپلائنسز مثلاً ًجوسر، بلینڈر یا پھر کراکری آئٹم کے لیے بھی لال رنگ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

لال، کالے اور سفید رنگوں کا امتزاج

ایک جدید اور ماڈرن کچن ان تین رنگوں کے خوبصورت امتزاج سے بآسانی بنوایا جاسکتا ہے۔ چونکہ لا ل اور سیاہ رنگ کسی بھی جگہ کو تنگ محسوس کرواسکتا ہے، چنانچہ ماہرین اس مشکل کا حل کیبنٹس والے حصے میں لائٹنگ کے ذریعے نکالتے ہیں۔ ان کے مطابق اوپری حصے میں بنے کیبنٹس کے نچلے رخ ہینگنگ لائٹس ایک طرف کچن میں روشنی کا مناسب انتظام کرتی ہیں، وہیں دوسری طرف کچن میں داخل ہونے والے ہر شخص پر آپ کے اعلیٰ ذوق ہونے کا تاثر بھی قائم کرتی ہیں۔

رہی بات کچن میں سیاہ ،سفید اور لال رنگوں کے امتزاج کی تو مرکزی کیبنٹس کولال اور اوپری حصوں پر بنی کیبنٹس کو سیاہ اور سفید رنگ کے ساتھ تیار کروایا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کچن میں سیاہ رنگ کا اضافہ نہیں چاہتے تو لال رنگ کی کیبنٹس کے اوپری اور نچلے حصے کےہمراہ کچن رگس کے لیے بھی لال رنگ کا انتخاب کیجیےجبکہ باقی حصوں کیلئے سفید رنگ بہترین رہے گا۔

لال رنگ کے وال پیپر

انٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے وال پیپر کا استعمال بھی ایک مقبول ٹرینڈ ہے۔ اگر آپ کے کچن کی ڈیزائننگ اینٹیک وائٹ طرز کی ہے تو ڈیزائننگ کی دلکشی اور جاذبیت میں مزیداضافے کے لیے لال رنگ کے وال پیپر کا انتخاب کیجیے۔ وال پیپر کا انتخاب کیبنٹ وال کے بجائے کاؤنٹر ٹاپ کے دائیں یا بائیں خالی دیوار کے لیے کیجیے۔ یہ دیوار کچن میں داخلے کے ساتھ ہی ہر نگاہ اپنی جانب مبذول کروالے گی۔

لال رنگ کا کاؤنٹر ٹاپ

کاؤنٹر ٹاپ بھی کچن میں بے حد اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اگر آپ کا کچن کشادہ ہے تولال اور سفید رنگ کا امتزاج اس کی دلکشی اور جاذبیت بڑھاسکتا ہے۔کچن کے فرنٹ یا سائیڈ کیبنٹ میں سے کسی ایک کے لیے لال رنگ منتخب کیجیے۔

کاؤنٹر ٹاپ کا اوپری حصہ سفید جبکہ نچلا حصہ لال رنگ کا ہونا چاہیے۔ آپ چاہیں توکاؤنٹر ٹاپ کے ارد گرد لگی کرسیوں کے رنگ کے لیے بھی لال رنگ منتخب کرسکتے ہیں، جس کے بعد آپ کا کچن ماڈرن لک دے گا۔