وزارت ثقافت نے آرٹس کونسل جتنا کام بھی نہیں کیا،سردار علیشاہ

December 08, 2019

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری بارھویں عالمی اردو کانفرنس میں یورپین لٹریری سرکل کی جانب سے آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ کو ایوارڈ گیا، تقریب میں سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ،سینیٹر میر حاصل خان بزنجو ، یورپین لٹریری سرکل کے سر پر ست عارف نقوی ، سرکل کی صدر صدف مرزا ، مختلف ممالک میں اردو ادب کے فروغ کیلئے کام کرنے والی تنظمیوں کے رہنمائوں نجمہ عثمان، راحت زاہدہ، عشرت معین سیما اور دیگرنے خطاب کیا،تقریب کی نظامت اکرم قائم خانی نے کی، نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ اب آرٹس کونسل کراچی میں ہر موضوع پر بات ہوتی ہے اور ترقی پسندوں کے لئے ایک جگہ رہ گئی ہے وہ صرف آرٹس کونسل ہے جہاں پر آکر وہ اپنے خیالات کا اظہار کرسکتے ہیں ،وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ہمیں زندہ لوگوں کو عزت دینی چاہئے، مرنے کے بعد تو ان کی برسیاں منائی جاتی ہیں ہماری وزارت نے ثقافت کے لئے اتنا کام نہیں کیا جتنا آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے کیا ہے،عارف نقوی نے کہا کہ ہم یورپ میں اردو زبان اور ادب کے فروع کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں میں بھی اردو ادب کے لیے کام کر رہی ہیں،بہت سی انجمنیں بھی کام کر رہی ہیں جبکہ فرانس ، ڈنمارک ، اٹلی، سویڈن، اسپین اور دیگر ممالک میں اردو کے لیے کافی کام ہورہا ہے، صدف مرزا نے کہا کہ یورپ میں اردو ادب کے لیے زیادہ سے زیادہ سیمیناراور تراجم کے ذریعے کام ہورہا ہے، مقررین نے کہاکہ یورپ میں ارد ادب کے لئے بہت کام ہو رہا ہے لیکن پاکستان میں بچوں میں شوق نہیں ہے اور بچے انگریزی کو ترجیح دے رہے ہیں ۔