نچلی سطح پر فٹ بال کی ترقی کیلئے یوتھ مقابلوں کا فروغ

December 24, 2019

پاکستانی فٹ بال کی ترقی میں ٹرنک والا گروپ کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، دنیائے فٹ بال کی تاریخ میں پاکستان کو فٹ بال کسی بڑے عالمی میلے میں پہلی روشناس کرانے والا بھی یہی گروپ ہے۔ مسلسل دو سال یعنی 2018 ء اور 2019 ء پاکستان کی فٹ بال کی تاریخ میں انہونہ کردار ادا کرنے والے سال شمار کئے جائیں گے۔ اس گروپ نے دنیائے فٹ بال کے ٹاپ فٹ بالرز کو پاکستان بلا کر نئی تاریخ بھی رقم کی۔ انٹرنیشنل ساکا فٹ بال کے سینئر نائب صدر شاہ زیب ٹرنک والا پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے ہمہ تن کوششوں میں مصروف ہیں۔

ان کی کوششوں سے ملک بھر میں فٹ بال کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی دریافت کا سلسلہ جاری ہے اور نوعمر بچوں کی فٹ بال میں دلچسپی اور انہیں مستقبل میں بڑا کھلاڑی بنانے کا ذمہ بھی لیژر لیگ نے سنبھالا ہوا ہے۔ حال ہی میں ملک بھر میں نچلی سطح پر فٹ بال کی ترقی کیلئے یوتھ سطح پر فٹبال کے فروغ کیلئے لیژر لیگز اور حق اکیڈمی کے مابین ایک باہمی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

لیژر لیگز کے آپریشنل ہیڈ سید شہروز حسین رضوی اور حق اکیڈمی کی ڈائریکٹر صوبیہ فاطمی نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔ اس پروگرام کے تحت لیژر لیگز پہلی بار کراچی میں سکس اے سائیڈ انٹر اسکول فٹبال لیگز گرلز اینڈبوائز کا انعقاد کرے گا جس میں انڈر10، انڈر12 اور انڈر14کی سطح پر ہونے والی لیگز 14ہفتوں پر مشتمل ہوگی جس میں کم از کم 8ٹیمیں شرکت کریں گی ، افتتاحی میچ حق اکیڈمی گرائؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

بعدازاں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ معاہدے پر دستخط کے بعد صوبیہ فاطمی نےکہا کہ اس سے کراچی میں اسکول کی سطح پر یوتھ ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور اسکولوں میں بھی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ سید شہروز حسن رضوی نے کہا کہیوتھ سطح پر فٹبال کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور کھلاڑیوں کو پروموٹ کرنے اور انہیں فٹبال کے بنیادی اسرار ورموز کو سکھانے کی یہی عمر ہوتی ہے۔