وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ کی ضمانت منظور

January 16, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب سندھ ہائیکورٹ میں ریفرنس

سندھ ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں سندھ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ کی 2 بیویوں، بیٹے داماد، صوبائی وزیر اویس شاہ اور دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔

دورانِ سماعت وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ سمیت اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالتِ عالیہ نے عبوری ریفرنس میں نامزد اور زیرِ تفتیش ملزمان کی درخواستیں علیحدہ کر دیں جبکہ نامزد ملزمان کی درخواستیں سماعت کے لیے ہائی کورٹ سکھر بینچ بھجوا دیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ زیرِ تفتیش ملزمان کی درخواستوں پر سماعت کراچی میں ہی ہوگی۔

نیب نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کے خلاف 2 مقدمات ہیں، ان کے خلاف دوسرے کیس میں انکوائری جاری ہے۔

عدالت نے دوسرے کیس میں اویس قادر شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور انہیں 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیر ٹرانسپورٹ کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور

عدالت نے نیب حکام کو انکوئری مکمل کرنے کے لیے 20 فروری تک مہلت دے دی جبکہ خورشید شاہ کی 2 بیویوں، بیٹے، داماد اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع دے دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے زیرِ تفتیش ملزمان کی درخواستوں پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔