یتیم کینگرو کی اس تصویر نے دیکھنے والوں کا دل دہلادیا

January 18, 2020

سوشل میڈیا پر آئے دن کوئی نہ کوئی ویڈیو یا تصویر وائرل ہوتی دکھائی دیتی ہے جس میں طنز و مزاح کے عنصر بھی دکھائی دیتے ہیں۔

ایسی ہی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے دیکھنے والوں کے دل کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔

آسٹریلیا میں لگنے والی آگ سے جہاں ایک ارب سے زائد جانور ہلاک ہوگئے ہیں وہیں ایک ایسا کینگرو بھی موجود ہے جو اپنے والدین گنوا چکا۔

ایسے میں وہ اپنا غم انسان کو سمجھا تو نہیں سکتا لیکن سوشل میڈیا پر اس کی ایک تصویر ضرور وائرل ہوئی ہے جسے دیکھ کر اس کے غم کا اندازہ ہوتا ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کینگرو اپنی گود میں کھلونا ٹیڈی بیئر کو لیے ہوئے ہے اور اسے زور سے بوسہ بھی دے رہا ہے۔

تصویر دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس کینگرو کے والدین اس دنیا میں نہیں رہے ہیں اور وہ انہیں بہت یاد کر رہا ہے۔

تسمانیہ سینیٹر پیٹر وش ولسن اور گرین کے ایڈوائزر ٹم بیشارا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شائع کی جو دیکھتے ہی دیکھے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

اس تصویر کی وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی جنگلی حیات کی دیکھ بھال کرنے والی ان کی والدہ انہیں نیو ساؤتھ ویلز کے شمالی ریور خطے سے لائی ہیں۔

بیشارا بھی یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ ان کی یہ تصویر ان کی توقعات سے زیادہ مشہور ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ میں نے سوچا کہ یہ تصویر آسٹریلیا میں شیئر ہورہی ہے لیکن یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس نے خطہ اوشیانا سے نکل کر یورپ اور جنوبی امریکا میں بھی شہرت پالی ہے جبکہ امریکا کے کچھ مارننگ شوز میں بھی اس تصویر کو آن ایئر کیا گیا۔‘

بیشارا کی والدہ جیلیئن کا کہنا تھا کہ جو یتیم جانور ان کے پاس موجود ہیں وہ ان کے ٹیڈی بیئر کو بہت پیار کرتے ہیں جبکہ یہ جانور اسے اپنا ساتھ بھی سمجھتے ہیں۔

ان لوگوں نے اس کینگرو کو ڈوڈل بگ کا نام دیا۔

بیشارا نے بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ کینگرو بچہ اپنی ماں کے پاؤچ سے اس وقت نکل کر گر گیا ہو جب جنگل میں لگی آگ سے بچنے کے لیے وہ بھاگ رہی ہو، یا پھر اس کی ماں مر چکی ہو اور یہ بھٹک کر وہاں تک پہنچ گیا ہو۔

جب خاتون اس کینگرو بچے کو فارم تک لائیں تو اس کی حالت بہت زیادہ خراب تھی، تاہم اب وہ تندرست ہوگیا ہے اور اب دوبارہ جنگلوں میں جانے کے لیے تیار ہے۔

بیشارا نے بتایا کہ اس کی مکمل دیکھ بھال کی گئی، تاہم امید کی جارہی ہے کہ وہ اب واپس جنگلوں میں چلا جائے گا اور کبھی کبھار اسی طرح ٹیڈی بیئر کے کھلونے کو بوسہ دینے آتا رہے گا۔