عمران خان ’ٹائم میگزین‘ کے سرورق کی زینت بن گئے

January 21, 2020

20 جنوری کو شائع ہونے والےغیر ملکی جریدے ٹائم میگزین کے خصوصی ایڈیشن میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ دیگر چار عالمی رہنماؤں کو سرورق کا حصہ بنایا گیا ہے۔

میگزین کے سرورق میں پانچ عالمی رہنماؤں کو نمایاں کیا گیا ہے جو برف سے ڈھکے سوئس الپس پر چیئر لفٹ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

یہ بھی دیکھئے: وزیرِ اعظم عمران خان ڈیووس روانہ

اسی سرورق میں ایک اور چیئر لفٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والی سویڈن کی 16 سالہ طالب علم گریٹا تھنبرگ موجود ہیں۔

سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد کی جانے والی عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کو مرکز گفتگو بناتے ہوئے عمران خان سمیت جرمن چانسلر انجیلا مارکل، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، صدر سینٹرل بینک یورپ کرسٹین لیگارڈے ڈبلیو ای ایف کے بانی کلاوز شوآب کو سرورق کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں دنیا کی بڑی کاروباری شخصیات، سیاست دان اور بعض معروف اداکار ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) میں موجود ہوں گے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ امریکی صدر سے ملاقات بھی کریں گے۔

3 روزہ دورے میں عمران خان کے ہمراہ معاونِ خصوصی زلفی بخاری، عبدالرزاق داؤد اور سیکریٹری خارجہ کے علاوہ معاشی ٹیم کے اہم ارکان اور دیگر سرکاری حکام بھی موجود ہیں۔

علاوہ ازیں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب میں عمران خان معاشی چیلنجز اور اصلاحات کے عمل پر بات کریں گے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دیں گے۔