ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا، وسیم اختر

January 28, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پانی، ٹرانسپورٹ اور سیوریج شہر کے 3بڑے حل طلب مسائل ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کاموں میں 11ماہ کا وقفہ آنے کے باعث سندھ حکومت کی طرف سے سالانہ ترقیاتی پروگرام( اے ڈی پی) کی مد میں دیر، تاخیرسے ادائیگی ہے، اب پہلا کوارٹر کے ایم سی کو ملا ہے جس سے جاری کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں،وہ پیرکو یونین کونسل 34 کورنگی میں زیرتعمیر ڈیڑھ کلو میٹر طویل سڑک اور پلیا کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لے رہے تھے،اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، رکن سندھ اسمبلی غلام جیلانی، وائس چیئرمین ضلع کورنگی سید احمر علی، چیئرمین ورکس کمیٹی کے ایم سی محمد حسن نقوی، دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے،میئر نے علاقہ مکینوں کے ساتھ علاقے کا دورہ اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واٹر بورڈ کے متعلقہ آفیشلز کو کل ہی یہاں بلا کر فراہمی آب اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے بات کی جائے،بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ نالے کی صفائی اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا،ہماری کوشش ہے کہ دستیاب وسائل میں مسائل کو تیزی سے حل کیا جائے۔