پی ایس ایل، ماضی کے چند دل چسپ ریکارڈز

February 20, 2020

مظہر ارشد

پاور پلے میں سب سے زیادہ اسکور

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر 2 ٹیموں کے پاس ہے۔ کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز کے خلاف ابتدائی 6 اوورز میں 78 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ کراچی کنگز نے یہ اسکور ایک وکٹ جبکہ ملتان سلطانز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔ گذشتہ ایڈیشن سے قبل یہ اعزاز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام تھا۔ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ایک میچ کے دوران ابتدائی 6 اوورز میں 77 رنز بنائے تھے۔

مسلسل جیت کا سلسلہ

اسلام آباد یونائیٹڈ مسلسل 6 میچز جیت کر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں بہترین وننگ اسٹریک کا اعزاز رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 2016 سے 2017 تک قائم کیا۔ایڈیشن 2018 میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے مسلسل 5 میچز جیتے تھے۔ اس کے علاوہ لیگ میں شامل کوئی اور ٹیم مسلسل پانچ میچز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

تیز ترین نصف سنچریاں

لیگ میں تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ مشترکہ طور پر پشاور زلمی کے کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی کے پاس ہے۔ دونوں کھلاڑی ایونٹ کے دوران 17 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ کامران اکمل نے یہ کارنامہ 2018 جبکہ آصف علی نے 2019 میں انجام دیا۔

سب سے زیادہ میڈن اوورز

لیگ میں سب سے زیادہ مرتبہ میڈن اوورز کروانے کا منفرد ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ وہ اب تک ایونٹ میں 5 مرتبہ میڈن اوورز کرواچکے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر محمد عامر کا ہے۔ جن کے میڈن اوورز کی تعداد 4 ہیں۔

سب سے زیادہ مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ

لیگ کے گذشتہ 4 ایڈیشنز میں سب سے زیادہ مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ 2 وکٹ کیپرز کے پاس ہے۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 6،6 مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔کامران اکمل نے یہ کارنامہ 47 جبکہ لیوک رونکی نے 23 میچوں میں انجام دیا ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر محمد سمیع اور شین واٹسن موجود ہیں۔ دونوں کھلاڑی 5،5 مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔