کورونا کے مریضوں کیلئے قرنطینہ کا دورانیہ بڑھانے پر غور

February 23, 2020

چین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار تک پہنچ گئی

تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے طبی ماہرین نے قرنطینہ کا دورانیہ 14 دن سے بڑھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

یہ تجویز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب قرنطینہ سے کلیئر ہونے والے افراد بھی چند دن بعد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے چین میں ہلاکتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، 24 گھنٹوں میں مزید 96 افراد کی ہلاکت کےبعد صرف چین میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2400 سے زیادہ ہو گئی ہے۔

چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس سے 630 نئے افراد بھی متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: چین میں کورونا وائرس سے مزید 96 افراد ہلاک

اٹلی میں بھی کورونا وائرس سے 2 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 79 متاثر ہوئے ہیں۔

وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اٹلی میں تاریخی شہر میلان کے قریب 10 قصبوں میں 50 ہزار افراد کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ان علاقوں میں تمام تعلیمی، ثقافتی اور مذہبی سرگرمیاں بند کر دی گئی ہیں۔