پڑوسی ملک ایران میں کورونا وائرس سے ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد ایران میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی۔
ایرانی حکام کے مطابق اب تک وائرس سے متاثرہ 28 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
وائرس کی روک تھام کے لیے آج سے تہران اور قم سمیت ایران کے 14 صوبوں میں اسکول، یونی ورسٹیاں اور ثقافتی مراکز بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بگڑتی صورتِ حال کے باعث قم میڈیکل اینڈ سائنس یونیورسٹی کے سربراہ نے ’قم کی مدد کرو‘ کے عنوان سے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہم فرنٹ لائن پر ہیں ہمیں مدد کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: چین میں کورونا وائرس سے مزید 96 افراد ہلاک
عالمی ادارۂ صحت نے بھی ایران کی صورتِ حال کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے ایران میں کورونا وائرس پھیلنے پر سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے حفاظتی ڈیسک قائم کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 100 بستروں کا خیمہ اسپتال، صاف پانی کے لیے ڈسپینسر اور 10 ہزار ماسک تفتان روانہ کر دیے گئے ہیں۔
صوبائی محکمۂ صحت کے مطابق 6 رکنی ٹیم کوئٹہ سے تفتان پہنچ گئی ہے جو مقامی اہلکاروں کو ضروری تربیت دے گی۔
یہ بھی پڑھیئے: روس کورونا سے متعلق غلط اطلاعات پھیلا رہا ہے، امریکا
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے روزانہ 300 سے 700 افراد کی آمد و رفت ہوتی ہے۔