امریکا میں مذہبی ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دیا جاتاہے،نکس ٹیمس

February 26, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امریکہ کے خصوصی مشیر برائے مذہبی اقلیتی امور نکس ٹیمس نے کہا کہ مذہبی آزادی اوراقلیتوں کے مذہبی حقوق کے حوالے سے امریکہ ہمیشہ آواز بلند کرتارہاہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ دنیا کے تمام ممالک کی حکومتوں کو چاہیئے کہ وہ بھی اس نظریے کے تحت اپنے ممالک میںاقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تحفظ فراہم کریں۔امریکہ میں مقیم مسلم کمیونٹیزامریکی سسٹم کا ایک اہم جز ہیںاور ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداکررہے ہیں۔انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ امریکہ میں اگر کسی اسکول میں طالبات کو حجاب پہننے سے منع کیا جاتاہے اور اگراس معاملے کی شکایت ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس کو کردی جائے یا انہیں اس واقع کا علم ہوجائے تو وہ فی الفور مداخلت کرکے اسکول کو نہ صرف ایساکرنے سے روک دیتے ہیںبلکہ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔امریکی سسٹم میں تمام امریکی شہریوں کو برابر کے حقوق اور امریکی آئین کے تحت تحفظ حاصل ہے اور مذہبی ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دیا جاتاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کلیہ معارف اسلامیہ کے دورے کے موقع پر جامعہ کراچی میں موجود مختلف ممالک اورپاکستان کے مختلف حصوں سے سے آئے ہوئے مذہبی اسکالرز،جامعہ کراچی کے کلیہ معارف اسلامیہ کی فیکلٹی اور طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نکس ٹیمس نے قائد اعظم محمد علی جناح کی1947 ء کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے اپنی قوم کو مخاطب کرکے فرمایا تھا کہ ملک میں رہنے والے تمام لوگوں کو ان کے مذہب کے مطابق آزادانہ عبادت کی ادائیگی کی اجازت ہے۔