• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو یارک: نکولس مادورو کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے عدالت لایا گیا


وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو نیو یارک کی عدالت میں پیش کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر پر لے جایا گیا۔

وینزویلا پر حملہ کرکے وہاں سے لائے گئے  صدر نکولس مادورو کو نیویارک کی عدالت میں پیش کردیا گيا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس عدالت سے انہیں عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ 

وینزویلا میں صدر مادورو کو اٹھانے کے لیے امریکی فوج کے حملے کے خلاف امریکا اور وینزویلا سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے امریکا کے خلاف نعرے لگائے، مادورو کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ 

عدالت میں پیشی کیلئے مادورو  کو ہیلی کاپٹر میں لایا گیا، اس موقع پر وہ بھورے رنگ کا لباس اور چمکدار نارنجی جوتے پہنے ہوئے تھے۔ لینڈنگ کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی میں ایک وین کے ذریعے منتقل کیا گیا۔

سی این این کے مطابق نکولس مادورو کو لے جانے والا ایک موٹرکیڈ بروکلین کے میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر سے روانہ ہوتے دیکھا گیا ہے، جہاں وہ گزشتہ دو روز سے منشیات اور اسلحہ سے متعلق الزامات کے تحت حراست میں ہیں۔

دوسری جانب  وینزویلا کی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔ 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں میڈیا پرسنز سے بات کرتے ہوئے وینز ویلا کے بعد میکسیکو، کولمبیا، کیوبا پر حملوں کی دھمکی دی ہے، ٹرمپ نے واضح کیا کہ وینزویلا کو اب امریکا چلائے گا۔

ساتھ ہی ٹرمپ نے ایک بار پھر گرین لینڈ پر امریکا کا حق جتاتے ہوئے  کہا امریکا کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔ 

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے گرین لینڈ پر امریکی موقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا  کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق صرف وہاں کے عوام اور ڈنمارک کے حکمرانوں کا ہے۔

 گرین لینڈ کے وزیراعظم نے بھی ٹرمپ کی دھمکی پر کہا کہ بہت ہوگیا، اب وہ مزید کوئی دباؤ برداشت نہیں کریں گے، عالمی قوانین کے تحت مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈگیز کو ٹرمپ کی جانب سے ان کے ملک پر ایک اور حملے کی دھمکی نے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا۔ 

پچھلے بیان میں ڈیلسی نے امریکی حملے کو ظلم کہا تھا آج کہا وہ امریکا کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔

اسی دوران کیوبا نے بتایا ہے کہ وینزویلا پر امریکی حملے میں اس کے 32 شہری ہلاک ہوئے جن میں کیوبا کی فوج اور وزارتِ داخلہ کے اہلکار شامل ہیں۔ 

کولمبیا کے صدر نے ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں ہتھیار اٹھانے کیلئے تیار ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید