دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی ورک ویزا اسکیموں اور ویزا فراڈ سے بچیں۔
دبئی پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن کے اینٹی فراڈ سینٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "ویزے کی فراڈ آفرز" کے ذریعے لوگوں سے پیسہ لوٹا جا رہا ہے، اس قسم کے دھوکہ دہی کے طریقوں سے بچنے کے لیے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
دبئی پولیس نے تنبیہ کی ہے کہ جعلی ویزا اسپانسرشپ کے جھوٹے وعدے کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت بڑی تعداد میں فراڈیے روزگار کے لالچ میں لوگوں سے پیسہ بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کی پیشکشوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
دبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ دبئی میں نوکری صرف سرکاری چینلز اور قانونی طور پر لائسنس یافتہ ریکروٹمنٹ اداروں کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ غیر قانونی طریقوں اور گارنٹی ویزے کی پیشکش کرنے والوں سے بالخصوص ہوشیار رہیں۔
دبئی پولیس نے کہا ہے کہ اگر آپ جعلی ویزا اسکیم کا شکار ہو جائیں تو فوراً پولیس سے رابطہ کریں اور اس بات کی اطلاع دیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کوئی مشکوک ویزا آفر آن لائن نظر آئے تو فوراً اسے رپورٹ کریں تاکہ کوئی اور شخص ’جعلی ویزا فراڈ ‘ کا شکار نہ ہو۔
پولیس نے مزید یہ بھی کہا ہے کہ کسی بھی ویزا کی پیشکش پر ادائیگی کرنے سے پہلے متعلقہ سرکاری اداروں سے تصدیق کرنا ضروری ہے تاکہ کسی بھی فراڈ سے بچا جا سکے۔