سلطانز نے ہوم گراؤنڈ کا پہلا معرکہ جیت لیا، زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست

February 26, 2020

ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا پہلا میچ جیت لیا اور پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا پہلا میچ ہے۔

اننگز کے آغاز سے ہی ملتان سلطانز کے بولرز نے پشاور زلمی کو دباؤ میں لیے رکھا۔

ٹام بینٹن کی شکل میں 4 کے مجموعے پر زلمی کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، اس کے بعد کامران اکمل اور حیدر علی نے 31 رنز جوڑے۔

پی ایس ایل فائیو کے پہلے سینچری میکر کامران اکمل بھی 15 رنز بنا کر 35 کے مجموعے سہیل تنویر کا شکار بنے۔

حیدر علی ایک جانب رنز بناتے رہے لیکن دوسری جانب سے لیام لیونگسٹن اور شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑی ایک ہی اوور میں محمد الیاس کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جب 41 پر ہی 4 اہم کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے تو حیدر علی نے لیام ڈاسن کے ساتھ ٹیم کا اسکور 85 تک پہنچایا۔

دلکش شاٹس کھیلنے والے حیدر علی سہیل تنویر کی گیند پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لیام ڈاسن بھی 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو ان کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم 123 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

سہیل تنویر 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ محمد عرفان اور محمد الیاس بھی 2، 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

جمیز وینس اور معین علی 2 اور 10 جبکہ کپتان شان مسعود 31 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

زلمی کی بولنگ لائن کو دیکھتے ہوئے یہ میچ سنسنی خیز ہوتا دکھائی دے رہا تھا کیونکہ 47 رنز پر وہاب ریاض نے ذیشان اشرف کو بھی آؤٹ کردیا۔

ایسے میں ریلی روسو اور خوش دل شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوم کراؤڈ کے سامنے پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

روسو اور خوش دل نے بالترتیب 49 اور 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 77 رنز کی شراکت قائم کی جو میچ گر ثابت ہوئی۔

زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جبکہ حسن علی اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سلطانز کے سہیل تنویر کو 13 رنز کے عوض 4 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔