• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان نے مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی

تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن ایران کو سنسنی خیز مقابلے میں تین-ایک سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، آج ہونے والے کراس اوور راؤنڈ میں گروپ ایف کے میچ میں پاکستان نے ایران کو 3-1 سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کی۔ 

پاکستان اور ایران کے درمیان میچ دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، ایران کے خلاف پاکستان کی جیت کا اسکور 25-23، 25-19، 22-25 اور 31-29 رہا۔

پاکستان کی جانب سے فیضان اللّٰہ، محمد عرفان ، محمد جنید اور ساران بیگ نے نمایاں کھیل پیش کیا۔ فیضان اللّٰہ نے 21 اٹیک پوائنٹس سمیت 23 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ عرفان نے 16 پوائنٹس بنائے۔

میچ میں مجموعی طور پر پاکستان نے ایران پر اٹیک پوائنٹس میں 51-44 اور بلاک پوائنٹس میں 15-11 سے سبقت رکھی جبکہ سروس پوائنٹس میں ایران بہتر رہا۔

کراس اوور راؤنڈ کے دونوں میچز جیت کر پاکستان اس مرحلے کے گروپ ایف میں ٹاپ پر رہا جبکہ کوریا کے خلاف پہلے راؤنڈ کی جیت کے پوائنٹس پاکستان نے کیری فارورڈ کیے تھے۔

پاکستان پہلے ہی ایونٹ کے ٹاپ فور میں اپنی جگہ پکی کر چکا ہے جہاں اس کا مقابلہ بھارت یا جاپان سے ہو گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید