بیرونی حصے کی سجاوٹ کے منفرد انداز

February 27, 2020

زندگی کی مصروفیات اور ایک جیسے معمولات سے کوئی بھی انسان جلد اُکتانے لگتا ہے، ایسے میں کچھ نیا اور منفرد کرنے کی لگن دل میں پیدا ہوتی ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کے حوالے سے کچھ نیا کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اپنے گھر کے بیرونی حصے کی سجاوٹ کرنے کی کوشش کریں کیونکہ یہ آپ کے گھر کا پہلا تاثر دیتا ہے۔ عموماً بیرونی حصے کو خوبصورت بنانے کے لیے اکثر لوگوں کے ذہن میں سب سے پہلا خیال باغبانی (گارڈننگ) کا ہی آتا ہے۔ تاہم آج کی تحریر میں ہم کچھ مختلف آئیڈیازکا ذکر کریں گے جن کے ذریعے گھر کے بیرونی حصے کی سجاوٹ منفرد اندازسے کی جاسکتی ہے۔

قدرتی انداز

انٹیریئر ماہرین کے مطابق، جب بھی آپ گھر کے بیرونی حصے کی سجاوٹ و آرائش کی بات کریںتو سب سے پہلے قدرت کی نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ گھر کوقدرتی خوبصورتی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے برٹش ڈیزائنر میٹروزی پیل کے تجویز کردہ مشورے پر عمل کیا جاسکتا ہے۔ میٹروزی گھر کے بیرونی حصے (صحن یا باغیچے) کی سجاوٹ کو منفرد طرز دینے کے لیے اس کے مرکز میںکنکریٹ کی ایک سادہ سی دیوار تعمیر کروانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ دیوار پر ہلکے رنگ کا رنگ و روغن کرکے پوری دیوارپرتھوڑے تھوڑے فاصلے سے عمودی اور افقی لکڑی کے پینل نصب کروائیں اور ان میں گملے یا پھر جار میں پودے لگاکر اس جگہ کو ایک نیا انداز دیں۔

ساحل سمندر کا منظر

اگر آپ چاہتے ہیں کہ گھر کا بیرونی حصہ کسی ساحل سمندر کا منظر پیش کرے تو دیواروںپر ہلکے رنگ اور فرنیچر کے خیال سے باہر نکل کر کچھ مختلف سوچیں۔ گھر کے بیرونی حصے میںلکڑی یا پتھر کا استعمال بھی منفرد ثابت ہوسکتا ہے اور آپ ان دونوں مواد کو استعمال کرتے ہوئے بیٹھنے کا سامان بھی کرسکتے ہیں جیسے کہ لکڑی یا پتھر کی بنچ۔ اس کے علاوہ سائبان (Shade)بھی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، جسے بنانے کے لیے آپ کے پاس مختلف آپشنز دستیاب ہیں۔ ساحل سمندر کا منظر دینے کے لیے سائبان کو بھی لکڑی یا پتھر سےبنانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ چونکہ کسی بھی حصے میں آرائشی اشیا ماحول پر اپنے گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں، لہٰذا لکڑی کی کرسیوں، ہلکے رنگ کے کشن اور فیچر وال کے لیے ووڈ آرٹ اچھا انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔

آرٹ کی دیوار

گھر کے بیرونی حصے میں دیوار کی آرائش کے لیے واٹر فیچر کااضافہ بھی ایک بہترین خیال ثابت ہوسکتا ہے۔ پانی کے گڑھوں اور باغیچے میں نصب فواروں کا فیشن اب پرانا ہوگیا، رواں برس گھر کے بیرونی حصے کی آرائش و سجاوٹ کے لیے آپ آرٹ کی دیوار بنوانے کےبارے میں سوچیں۔ آپ جدید سجاوٹی پتھروں (بطور خاص گرینائٹ) سے بنی دیوار کے ذریعے پانی بہا سکتے ہیں، اس سے گرتا ہوا پانی کسی آبشار کا منظر پیش کرے گا۔ اس قسم کے ڈیزائن میں موٹر کی مدد سے اوپر سے پانی گرایا جاتا ہے۔ رات کے وقت روشنیوں کی موجودگی میں یہ جادوئی منظر پیش کرے گا۔

گہرےرنگوں کا استعمال

گزشتہ چند برسوں کے دوران گھر کے بیرونی حصے میںلیونگ ایریا بنانے کا ٹرینڈ تیزی سے مقبول ہوا ہے۔ اگر آپ بھی آؤٹ ڈور ایریا میںلیونگ روم بنوانے کا سوچ رہے ہیںتو اسے گھر کے اندرونی حصے جیسا انداز دینے کے لیے آپ کو اس کی ڈیزائننگ کے دوران چند باتوں کا خیال رکھنا ہوگا۔ اس حوالے سےکاف مین اسٹوڈیو کے تعمیراتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر کے بیرونی حصے میں فیچر وال کی تعمیر کرواتے وقت وہی احساسات رکھیں جو گھر کے اندرونی حصوں میں فیچر وال کی تعمیر کے دوران رکھتے ہیں، مثلاً شوخرنگوں والی دیواریں، جس کے لیے آپ کو گہرے رنگ کا پینٹ منتخب کرنا ہوگا۔ فرنیچر کا انتخاب بھی شوخ اور گہرے رنگوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیجیے۔

اشارے لگانا

گھر کے بیرونی حصے کو مختلف دکھانے یا اسے حصوں میں تقسیم کرنے کا ایک منفرد آئیڈیا اشاروں(Signage)کی تنصیب ہے، جو اہل خانہ کے علاوہ گھر میں داخل ہونے والے ہر فرد کو آگاہی دیں گے کہ کون سی چیز ( پول ایریا، عقبی حصہ یا پھر باغیچہ) کس جگہہے۔ مثال کے طور پر سوئمنگ پول ایریا میں تخلیقی ڈیزائن مرتب کرنے کے لیے المونیم سے تیار کیے گئے الفاظ سوئمنگ ایریا کی دیوار پر نصب کروادیں، یہ چند لفظوں کا مجموعہ آپ کی دیوار کی ہیئت ہی تبدیل کردے گا۔ دھاتوں کی دوسری اقسام کے برعکس المونیم پر زنگ نہیں لگتا، اس کی وجہ المونیم کا آکسیڈائز ہو نا ہے۔ آپ نے بھی اکثر دیکھا ہوگا کہ بیرونی حصوں میںکمپنیوں کے نام لکھنے کے لیےالمونیم ہی استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ طویل مدت تک کارآمد رہتا ہے۔