امریکی ماہرین نے کورونا سے محفوظ رہنے کا نسخہ بتا دیا

March 03, 2020

امریکی ماہرین نے کورونا سے محفوظ رہنے کا نسخہ بتا دیا

امریکی طبی ماہرین نے مختلف جراثیم سمیت کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا نسخہ بتا دیا، ان کا کہنا ہے کہ صحت مند رہنا ہے تو اپنے چہرے کو ہاتھ مت لگائیں۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اپنے چہرے کو چھونا انسانی فطرت میں شامل ہے لیکن یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

ماہرین کے مطابق ناک کھجانا، آنکھوں کو مسلنا، تھوڑی پر ہاتھ رکھنا اور بار بار اپنے چہرے کو ہاتھ لگانا ایسی عادتیں ہیں جو کورونا وائرس جیسے انفیکشن کے پھیلنے کا سبب بنتی ہیں۔

امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو جراثیم اور وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے بار بار ہاتھ دھونے کا مشورہ دیا جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ چہرے کو چھونے سے روکنے کی بھی سختی سے تنبیہ کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا کی ویکسین جلد چاہئیے، امریکی صدر کی ہدایت

سی ڈی سی اور ڈبلیو ایچ او کی جانب سے بھی کہا جاتا ہے کہ لوگوں کو اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کرنا چاہیے۔

آپ جتنا کم اپنے چہرے کو ہاتھ لگائیں گے اتنا ہی آپ کے بیماریوں سے محفوظ رہنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

واضح رہے کہ چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس اب تقریباً پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، جس سے امریکا میں اموات کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے امریکا میں مرنے والے تمام 6 افراد کا تعلق واشنگٹن سے ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں کورونا وائرس کا پانچواں کیس سامنے آگیا

امریکا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 21 جنوری کو سامنے آیا تھا جبکہ امریکا بھر میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 89 ہوگئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا، واشنگٹن، الی نوائے، اوریگون، ایریزونا، نیویارک، میسا چیوسٹس میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ادھر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہر ڈاکٹر ٹونی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکیسن بنانے میں ایک سال لگے گا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پر زور دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ یہ ویکسین چند ماہ میں چاہیے۔