خیبر پختونخوا: بارش میں مختلف حادثات، 5 جاں بحق

March 05, 2020


خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔

خیبر پختون خوا کے ضلع مردان میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 3 بچے جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ مردان کے علاقے تخت بھائی میں پیش آیا جہاں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ فائزہ، 4 سالہ ثناء اور شیر خوار وقاص شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، گولیمار میں عمارت گر گئی، 2 جاں بحق

ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر تخت بھائی ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش سے صوبے میں 3 مکانات کو نقصان پہنچاہے، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کردی ہے۔

تیز آندھی اور طوفان سے شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے۔

محکمۂ ریلیف خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ پل ٹوٹنے کے سبب ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: نوشہروفیروز، اسکول کی بوسیدہ عمارت کی چھت گر گئی

پشاور لوئر دیر، ملاکنڈ سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف حصوں میں بارش کا یہ سلسلہ ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبے کے میدانی اور بالائی علاقوں میں برف باری اور ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔

ادھر وادیٔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جس سے موسم سرد ہوگیا ہے۔

وادیٔ کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں میںصبح سویرے سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، اس دوران ہلکی برف باری بھی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیئے: شب قدر، مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

کوئٹہ کے علاوہ مستونگ، پشین، بولان، قلات اور دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، اس کے علاوہ قلات، سبی، نصیر آباد، ژوب، زیارت، پشین، سبی اور بارکھان میں بھی بارش متوقع ہے۔

اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، سبی، لورا لائی، بارکھان اور موسیٰ خیل میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے بارش ہوئی، لاہور سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں گزشتہ شام اور رات گئے ہونے والی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: کوہاٹ میں مکان کی چھت گر گئی، 2 افراد جاں بحق

صوبائی دارالحکومت لاہور کی فضاؤں میں گزشتہ شام سے ہی بادل چھائے ہوئے ہیں، گزشتہ شام اور رات میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

قصور، ساہیوال، اوکاڑہ، پاک پتن، شکر گڑھ، چیچہ وطنی، سیالکوٹ، کمالیہ، فیصل آباد، راجن پور کوہ ِسلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بھی وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

محکمۂ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں اگلے48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

آزاد کشمیر میں میرپور، نکیال، چکوٹھی، باغ، راولا کوٹ اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جبکہ وادیٔ نیلم، گریس، شونٹھر، سرگن، جاگراں اور لیپہ کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

یہ بھی پڑھیئے: سکھر، مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

وادیٔ نیلم کو ملانے والی شاہراہ شاردہ سے کیل اور تاؤ بٹ تک برف باری کے باعث بند ہو گئی۔

محکمۂ موسمیات نے آج سے ہفتے کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا، اسلام آباد، خیبر پختون نخوا، پوٹھوہار اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

غیر معمولی بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے گندم کی فصل کو جزوی نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اورشاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔