• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: فیڈرل بی ایریا میں بالکونی گر گئی، 1 شخص جاں بحق

کراچی کے علاقے ایف بی ایریابلاک16میں عمارت کی بالکونی گرگئی




کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں عمارت کی بالکونی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں عمارت کی بالکونی (چھجا) گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، چھجے کے نیچے چائے کا ہوٹل قائم تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق عمارت کی پہلی منزل پر اسکول قائم تھا، اسکول انتظامیہ نے چھجے پر تعمیرات کر کے اسکول کو بڑھایا ہوا تھا۔

تعطیلات کے باعث اسکول انتظامیہ آج چھجے کی مرمت کا کام کر رہی تھی کہ اسی دوران حادثہ پیش آ یا۔

بالکونی گرنے کا حادثہ اتنا شدید تھا کہ اطراف کی عمارتوں کو بھی اس سے نقصان پہنچا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق چھجا گرنے سے 11 افراد زخمی ہوئے جن میں شامل ٹھیلے پر پھیری لگانے والا شخص جاں بحق ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، کھڈامارکیٹ میں عمارت کی بالکونی گرگئی

متاثرین کو قریب ہی واقع گلشن اقبال کے پٹیل اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے بعض زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

عباسی شہید اسپتال کے ذرائع کے مطابق ایک شخص کی لاش جبکہ 6 زخمیوں کو ایمرجنسی میں لایا گیا ہے۔

اس واقعے کے باعث راشد منہاس روڈ پر ٹریفک شدید جام ہو گیا جس سے امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری کا سامنا ہوا۔

تازہ ترین