کراچی کے کوچز کیلئے دبئی میں لیورپول کوچز سے تربیت کا اہتمام

March 10, 2020

کراچی یونائٹیڈ فٹبال کلب (کے یو ایف سی) سے تعلق رکھنے والے12 کوچز کو جدید فٹ بال کی جدید تکنیک سے آگاہ کرنے اور ان کی اسکلز بڑھانے کیلئے دبئی میں تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام میں لیورپول فٹبال کلب کی اکیڈمی کوچز نے پاکستانی کوچز کو بھرپور تربیت فراہم کی۔ ٹریننگ حاصل کرنے والے پاکستانی کوچز کم مراعات یافتہ کمیونٹیز میں کام کرتے ہیں۔ یہ تربیتی پروگرام اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی سالانہ فٹبال کمیونٹی لیگ کا لازمی حصہ تھا۔

اِس تربیتی پروگرام میں لیورپول فٹبال اکیڈیمی کے فٹبالرز اسٹیون گلیپسی اور پال او برائن نے کوچز کے فرائض انجام دئیے۔ بینک کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا جس کا مقصد مختلف پس منظر اور کم مراعات یافتہ کمیونیٹیز سے تعلق رکھنے والے کوچز کو تربیت فراہم کرنا تھا۔ تربیت حاصل کرنے والے کوچز کلب کے دیگر کوچز کو بھی تربیت فراہم کریں گے اور کراچی یونائٹیڈ کے کمیونٹی سینٹرز کی جانب سے کھیلنے والے بچوں کو دی جانے والی ٹریننگ کے دوران لیور پول کے کوچز سے حاصل کردہ مہارتیں اور ٹیکنکس استعمال کریں گے۔

گزشتہ تین برسوں سے بینک کراچی یونائٹیڈ فٹبال لیگ کو اسپانسر کر رہا ہے۔ اس اسپانسرشپ کا مقصد یوتھ فٹبال لیگ کو کراچی سے تعلق رکھنے والی نوجوان فٹبال ٹیموں کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا، کھیل میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنا اور ان میں مقابلے کا جذبہ اور صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ 2019ء تک ہونے والی لیگ میں تقریباً 1,000 سے زائد بچے شرکت کر چکے ہیں۔ فٹ بال میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی دریافت اور انہیں گروم کرکے قومی فٹ بال حصہ بنانے کیلئے ہیڈ آف ایکسٹرنل کمیونی کیشنز اور پبلک افیئرز فرحان احمد کا کہنا ہے کہ میں اس پائلٹ پروجیکٹ کے لئے بہت پرجوش ہوں جسے بینک نے لیورپول فٹبال کلب کی شراکت میں کیا۔ ہم دیکھیں گے کہ کراچی یونائٹیڈ فٹبال کلب کے کوچز کس طرح اِس اسکل سیٹ کو پھیلاتے ہیں اور کم مراعات یافتہ کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے بچوں کو اس قابل بناتے ہیں کہ وہ ایک اچھے اسپورٹس مین کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھا سکیں۔

کراچی یونائٹیڈ فٹ بال کلب کو بہتر بنانے اور بہترین کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے مسلسل کام کی ضرورت تھی۔ ہمارے اور کلب کے اشتراک سے ہونے والی فٹ بال سرگرمیوں کو جاری ہوئے اب تین سال ہو گئے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری جانب سے فراہم کی گئی سہولیات سے بہترین کھلاڑیوں کی تلاش کے کام میں آسانی ہوگی۔ لیور پول کوچز سے ٹریننگ حاصل کرنے والوں میں ہمدان، کریم کے کے، ماما شوکت بلوچ، فاروق آفریدی، محمد ذاکر خان، واجد، واجد کے کے، فیصل، آصف، دانیال، سہراب، ڈینی دانیال شامل ہیں۔