گورنر سندھ سے داؤد یونیورسٹی کے طلبہ کی ملاقات

March 11, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کے وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ تنزیل عثمان کی قیادت میں وفد میں ایم احمد،زبیر ہاشمی، نعمان ضیائی،زریاب خان اورعمر فاروق شامل تھے۔ ملاقات میں پلاسٹک بیگز اور دیگر پلاسٹک اشیاءسے توانائی حاصل کرنے کے منصوبہ پر طلبا نے گورنرسندھ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ گورنرسندھ کو اپنے تیار کردہ پروجیکٹ سے متعلق طلباءنے بتایا کہ تیار کردہ پروجیکٹ کے تحت پلاسٹک او ربلدیاتی فضلہ سے مائع اور گیس ایندھن حاصل کیا جا سکتا ہے اس کے لئے Calaytic Cracking کا طریقہ استعمال کیاجا ئے گا اور انہیں فرنس میں 600 ڈگری سینٹی گریڈ تک جلا کر مائع ، گیس اور ٹھوس ایندھن حاصل کیا جا سکے گا ۔ طلباءکی تحقیق اور تیار کردہ پروجیکٹ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بلدیاتی فضلہ اور گھریلو کچرا کو ٹھکانے لگانے کے ضمن میں یہ ایک اچھامنصوبہ ہے اس منصوبہ کی کامیابی سے کراچی کے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی طالب علم اس تحقیقی منصوبہ پر مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں طلبہ کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔