رواں سال گھر کیلئے رنگوں کا انتخاب

March 12, 2020

رنگ کسے پسند نہیں ہوتے! رنگ ہیں تو زندگی ہے اور رنگ ہیں تو جمالیات ہے۔ جب بات گھروں کے رنگ و روغن کی ہو تو انٹیریئر ڈیزائنرز ہر سال کے لیے کچھ رنگوں کا انتخاب کرتے ہیں، جن کا نئے سال میں گھروں کی انٹیریئر ڈیزائننگ میں کلیدی کردار رہتا ہے۔ 2020ء کے لیے انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین نے فطر ت سے قریب، ہلکے، کِھلے کِھلے، پھیکے، زرد اورسدا بہار بنیادی رنگوں کے امتزاج کا انتخاب کیا ہے، جو رواںسال کے نئے رجحانات اورلوگوںکے بدلتے ذوق اور جمالیاتی حس پر پورا اُترسکتے ہیں۔

گہرا نیلا رنگ

گہرے نیلے رنگ کو ’کلاسک بلیو‘ کہا جاتا ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنرز کے مطابق، روایتی اور حقیقی نیلا رنگ، ’اپنی سادگی اور پر وقار احساس کے باعث سدابہار اور ہمیشہ پسند کیا جانے والا رنگ ہے‘۔ اس رنگ میں قابلِ بھروسہ اور پائیدار فاؤنڈیشن فراہم کرنے کی صلاحیت ہے۔ یہ رنگ اپنے اندر ٹھنڈک کا احساس لیے ہوتا ہے۔ صبح کے وقت آسمان کے رنگ کی نمائندگی کرتا ہے، جس کے باعث اسے دیکھ کر سکون اور طمانت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔آج کی تیزرفتار زندگی میں لوگوں کا ایسے رنگوں کی طرف جھکاؤ ہوتا ہے، جن سے دیانت جھلکتی اور تحفظ کا احساس ہوتا ہو اور اس کے لیے گہرے نیلے رنگ سے بہتر کوئی اور رنگ نہیں ہوسکتا۔

نامیاتی سبز

انٹیریئر ڈیزائنرز نے سبز رنگ کے فطرت کے قریب تر شیڈ یعنی نامیاتی سبز (آرگینک گرین) کو 2020ء کا رنگ قرار دیا ہے۔ اس رنگ کو گھر میں دیکھ کر ’نئی تازگی کا احساس‘ ہوتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم اندر سے فطرت کے ساتھ وابستگی کی خواہش رکھتے ہیں۔ انٹیریئر ڈیزائنر ایریکا وولفیل کہتی ہیں، ’’جب ہم نئے عشرے کی طرف دیکھتے ہیں، توہماری فطرت سے وابستگی کی دائمی خواہش ہمیں اس کے ساتھ کسی نہ کسی طریقے سے سرگرم رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ جنگل سے گزر رہے ہوں، اپنی ناؤ میں ندی کی سیر پر ہوں یا ساحلِ سمندر پر چہل قدمی کررہے ہوں، ہر قدرتی نظارے میں آپ کو سبز رنگ غالب نظر آئے گا۔

ہم بآسانی کہہ سکتے ہیں کہ یہ فطرت کا پسندیدہ ترین رنگ ہے‘‘۔ انٹیریئر ڈیزائنر کے مطابق نامیاتی سبز رنگ کائناتی کشش رکھتا ہے اور اس میں دوسرے رنگوں کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔ یہ رنگ ناصرف آپ کے باورچی خانہ کو نئی زندگی بخشتا ہے بلکہ یہ رنگ جہاں بھی استعمال کیا جائے تو وہ جگہ اچانک سے ہوادار اور کھُلی کھُلی محسوس ہونے لگتی ہے۔ نامیاتی سبزرنگ کو نئے سال کے رنگوں میں منتخب کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اب لوگوں میں ’آؤٹ ڈور‘ کی خاصیت کو گھر کے اندر لانے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور فطرت کو گھر کے اندر سبز رنگ سے زیادہ بہتر کوئی اور رنگ نہیں لاسکتا۔

چینی پورسلین

پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والے ایک انٹیریئر ڈیزائننگ کے ادارے نے 2020ء کےرنگ کے طور پر چینی پورسلین کا انتخاب کیا ہے۔ یہ رنگ ’کوبالٹ‘ (ایک دھاتی عنصر) اور ’اِنک بلیو‘ کے امتزاج سے تخلیق کیا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رنگ ماحول کو سکون بخشتا اور نیند کو اچھا بناتا ہے جبکہ یہ ’امید کا رنگ‘ بھی مانا جاتا ہے۔

’’ٹیکنالوجی جس تیزی سے ترقی کرے گی، انسان کو اتنی ہی سہولت میسر آئے گی لیکن ساتھ ہی وہ اپنی زندگیوں میں کچھ تبدیلی لانے کی کوشش بھی کرے گا۔ یہ تبدیلی ٹیکنالوجی سے فرار اور سادگی اپنانے میں ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ چینی پورسلین رنگ کا انتخاب کرتے ہیں، جو ہمیں فطرت کے عناصر جیسے سمندر اور آسمان کے قریب لاتا ہے‘‘۔

چینی پورسلین رنگ نے گاڑیوں، کنزیومر الیکٹرانکس اور فیشن انڈسٹری میں طوفان برپا کیا ہوا ہے۔ یہ ایک گہرے نیوی رنگ کی نمائندگی بھی کرتا ہے، جو رہائشی اور میزبانی کی صنعت میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔

ہلکا گلابی

ایک ہلکا گلابی مائل شیڈ جسے انگریزی کےعرف عام میں ’فرسٹ لائٹ‘ کہا جاتا ہے، اسے بھی 2020ء کے منتخب رنگوں میں شامل کیا گیا ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنر اینڈریومیگنو کے مطابق ہلکا گلابی رنگ گھر کی نئی تعریف ہے، یہ انسانی ذہن میں ایک بڑی تبدیلی ہے، جو مادی چیزوں کے بجائے اپنے اندر کی زندگی کو مطمئن کرنا چاہتا ہے۔ ہلکا گلابی رنگ (فرسٹ لائٹ) کمیونٹی، آسودگی، سلامتی، خود اظہاری اور پُرامیدی کو ظاہر کرتا ہے۔

سنہری مائل پیلا

سنہری مائل پیلا، اُمید اور خوشی کا رنگ ہے۔ اس رنگ کا متناسب استعمال، کمرے میں جان ڈال دیتا ہے، تاہم اگر پورے کمرے کو اس رنگ سے رنگ دیا جائے تو اس کا اُلٹا اثر بھی ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انٹیریئر ڈیزائنرز اس رنگ کا متناسب استعمال کرتے ہیں، یعنی وہ اس رنگ کو دیگر رنگوں کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔