نسیم شاہ کو احتیاط سے استعمال کرنا ہوگا

March 24, 2020

محمدادریس

صدر کرکٹر کمنٹریٹرز کلب آف پاکستان

پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کی کارگردی ایسی نہ تھی جس کا خاص طور پر ذکر کریں۔ پہلی اننگز233 اور دوسری اننگز میں 167 رنزبناسکی۔ بولرز بھی ناکام رہے اور فیلڈنگ بھی معیاری نہ تھی۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم شان مسعود نے سنچریاں بنائیں جبکہ حارث سہیل نے پچاس رنز سے زیادہ بنائے۔

پاکستان کی یہ فتح اچھی خبر ہے ، فتح فتح ہوتی ہے چاہے کسی کے خلاف ہو۔ اس میچ میں عالمی ریکارڈ اس وقت قائم ہو اجب نسیم شاہ نے ہیٹ ٹرک کی، 16 سالہ بولر کا اس تیز رفتاری سے گیند کرنا بہت مشکل اور زیادہ زور لگانے سے نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے ، عاقب جاوید جو 16 سال کے تھے اور زیادہ تیز نہ تھے اور عمران خان بہت سنبھال کر ان سے گیند کراتے تھے۔

پاکستانی ٹیم انتظامیہ کو ان کو استعمال کرتے ہوئے ان کی فٹنس اور مستقبل کا بھی خیال رکھنا ہوگا، زیادہ اوور کرانے سے ان کا کیئر ئیر خطرے میں پڑ سکتا ہے، ان کی فٹنس کو ہر میچ سے قبل چیک کیا جائے تاکہ وہ ہمارا مستقبل کا اثاثہ ثابت ہوسکیں،بنگلہ دیش چھوٹا دریا تھا جو پاکستان نے سہولت کے ساتھ بغیر کسی پریشانی کے پار کرلیا ہے بنگلہ دیش نے کورونا وائرس کے خوف سے کراچی میں دوسرا ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سر گرمیاں ختم ہوگئی ہیں، پی ایس ایل بھی نامکمل انداز میں فی الحال ختم کردی گئی اور اب اطلاعات ہیں کہ نامکمل پی ایس ایل فائیو کے میچز اگلے ایڈیشن سے قبل کرائے جائیں گے، پی ایس ایل کے دوران بھی فاسٹ بولر نسیم شاہ کو فٹنس مسائل کا سامنا رہا اور وہ کچھ میچوں سے باہر رہے، اس لئے اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ نسیم شاہ کو طریقہ سے استعمال کیا جائے تاکہ وہ آنے والے وقتوں میں پاکستان کر کٹ کے لئے اہم ثابت ہوسکیں۔