لاک ڈاؤن میں بھی فنکاروں نے یوم پاکستان منایا

March 25, 2020

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باوجود بھی پاکستان شوبز انڈسٹری کے اسٹارز نے یومِ پاکستان کے دن حب الوطنی کا ثبوت دیا۔عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے 23 مارچ، یومِ پاکستان کو ملک بھر میں تمام تر لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں ہی رہ کر منایا۔کورونا وائرس کے پیشِ نظر جہاں پریڈ اور ائیر شو منسوخ کردیا گیا تھا تو وہیں پاکستانیوں نے محب وطن ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے گھروں پر قومی ترانہ بجایا اور ساتھ ہی اپنی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔یومِ پاکستان کے دن لاک ڈاؤن کی وجہ سے اداکارہ عائشہ نے گھر ہی میں قومی ترانہ پڑھا اور قوم کو اس صورتحال میں متحدہونے کا پیغام دیا۔نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے یومِ پاکستان کے دن ʼدل سےمیں نے دیکھا پاکستانʼ گایا، اور قوم کو یہ پیغام دیا کہ یقیناً یہ مشکل وقت ہے لیکن ہم جلد اس سے باہر آئیں گے۔گلوکارہ کومل عزیز نے سبز رنگ کا لباس پہن کر قومی ترانا پڑھا اور اس دوران انہیں آبدیدہ بھی دیکھا گیا۔اداکار جنید خان نے یومِ پاکستان کا دن لاک ڈاؤن کی وجہ سےاپنے ہی گھر پر صاحبزادےکے ساتھ قومی ترانا پڑھ کر منایا۔اداکارہ ثروت گیلانی نے اپنے شوہر فہدمرزا اور بچوں کے ساتھ یومِ پاکستان کے دن گھر پر قومی ترانا پڑھ کر منایا۔پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔