ریلوے ہسپتال میں متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ یقینی بنایا جائے، اسداللہ خان

March 25, 2020

اسلام آباد ( نامہ نگار ) اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجنیئر اسداللہ خان نے آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال راولپنڈی میں ایک یونیورسٹی کے اشتراک سے کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ اور تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات، آئسولیشن وارڈ کے قیام، ہسپتال کے عملے کو پرسنل پروٹیکٹو ایکوومنٹ کی فراہمی سمیت مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ 24گھنٹے کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ یقینی بنایا جائے،کسی بھی قسم کی غفلت یا لا پرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، کورونا وائرس ہم سب کیلئے چیلنج ہے اور احتیاط،سمجھداری سے ہی اس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ وہ منگل کو یہاں آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال کے اچانک دورہ کے موقع پر انتظامات کے جائزہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چیف ایم ایس بریگیڈئر (ر) وسیم، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر ارباز علی سمیت ہسپتال کے دیگر حکام اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر ارباز علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی آئی ایم سی ٹی ہسپتال کے ڈاکٹروں،پیرامیڈیکل سٹاف اور معاون عملے کو پرسنل پروٹیکٹو ایکوومنٹ (پی پی اے) فراہم کردیئے ہیں۔ حکومت اور وزارت ریلوے کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں ہسپتال میں ایمرجنسی سکریننگ کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے جو 24گھنٹے کام جاری رکھے ہوئے ہے، ایمرجنسی اوپی ڈی سروس کے لئے فلٹر کلینک بنایا گیا ہے جہاں پر ڈاکٹرز اور معاون سٹاف کو ماسک (این 95)خصوصی تیار کیے گئے گاؤنزاور گلوز فراہم کر دیئے ہیں جبکہ ہسپتال کا عملہ وقفے وقفے سے ہسپتال کے اندر کلورائین سپرے بھی کررہا ہے تا کہ ہر قسم کے جراثیم کا خاتمہ ہوسکے اور ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں جاسکیں۔ انجنیئر اسداللہ خان نے آئی آئی ایم سی ٹی اور رفاہ یونیورسٹی کے اشتراک سے ہسپتال کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریلوے حکام کی جانب سے جاری کی گئی ایس او پی کے مطابق ہر مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہمی کا عمل بلاتعطل جاری رہے گا۔