• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثالثی کی کوششیں اُن ممالک کی طرف سے ہونی چاہئیں جنہوں نے اسے شروع کیا، ایرانی صدر

مسعود پزشکیان : فائل فوٹو
مسعود پزشکیان : فائل فوٹو 

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ موجودہ جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششیں اُن ممالک کی طرف ہونی چاہئیں جنہوں نے اس تنازع کو شروع کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ  کچھ ممالک نے ثالثی کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے ایران سنجیدہ ہے، تاہم ملک کی خود مختاری اور وقار کے دفاع میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ واضح رہنا چاہیے کہ ہم خطے میں دیرپا امن کے لیے پُرعزم ہیں، لیکن اپنی قوم کے وقار اور خودمختاری کے دفاع میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کریں گے۔ ثالثی اُن فریقوں سے ہونی چاہیے جنہوں نے ایرانی عوام کو کمزور سمجھا اور اس تنازع کو بھڑکایا۔

خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد جنگ ساتویں روز میں داخل ہوگئی ہے ، ایران میں امریکا اسرائیل جنگ میں اب تک شہداء کی تعداد 1 ہزار 332 ہوگئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر شیراز میں امریکا اسرائیل حملے میں20 افراد شہید ہوگئے، حملےمیں شیراز کے رہائشی علاقےکو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے رات بھر میں 6 ایرانی بیسلٹک میزائل لانچرز تباہ کر دیے، حالیہ حملوں میں 3 ایرانی ایڈوانس ڈیفنس سسٹمز بھی تباہ کردیے گئے۔

ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز نے بھی اصفہان میں اسرائیلی ڈرون ہیرون، مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ لورستان میں امریکی ڈرون ایم کیو9 اور تہران کے نواح میں ہرمس ڈرون تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید