ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن نے میدان جنگ کو خیر باد کہہ دیا۔
تہران سے عرب میڈیا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ابراہم لنکن ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے پہلے ہی حملے میں پیچھے ہٹ گیا۔
ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ جس بحری بیڑے کو امریکی اتحادیوں کا دفاع کرنا تھا وہ اپنا دفاع نہیں کرسکا۔ امریکا کے اتحادی اپنی سلامتی کو ٹرمپ اور نیتن یاہو کے جھوٹ کی نذر نہ کریں۔
خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد جنگ ساتویں روز میں داخل ہوگئی ہے، ایران میں امریکا اسرائیل جنگ میں اب تک شہداء کی تعداد 1 ہزار 332 ہوگئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر شیراز میں امریکا اسرائیل حملے میں 20 افراد شہید ہوگئے، حملےمیں شیراز کے رہائشی علاقےکو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے رات بھر میں 6 ایرانی بیسلٹک میزائل لانچرز تباہ کر دیے، حالیہ حملوں میں 3 ایرانی ایڈوانس ڈیفنس سسٹمز بھی تباہ کردیے گئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز نے بھی اصفہان میں اسرائیلی ڈرون ہیرون، مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ لورستان میں امریکی ڈرون ایم کیو9 اور تہران کے نواح میں ہرمس ڈرون تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔