تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر وباء کو کنٹرول کریں ‘ فائزہ رشید

March 25, 2020

پشاور(نیوزڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی رہنماء و سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اختلاف سے بالاتر ہوکر کرونا وائرس کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرے اور بیماری سے نمٹنے کیلئے عوام میں شعور بیدار کرے اسی طرح غریب و نادار افراد جن کی گزر بسر روزانہ اجرت و مزدوری سے ہو رہی ہو کیلئے موجودہ حکومت خاطرخواہ اور خصوصی اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے مہینے بھر کیلئے تین ہزار روپے فی خاندان کا اعلان حکومت کی جانب سے غریب خاندانوں کے ساتھ مذاق ہے ۔ ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ پورے ملک میں ایک جامع اور منظم طریقے سے ان غریب خاندانوں اور نادار افراد کی لسٹیں مرتب کر کے ان کو اناج و دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ شہری حکومت کی جانب سے اس وباء سے نمٹنے کیلئے جاری کئے گئے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر اپنے گھروں سے نہ نکلیں اور نہ ہی غیر ضروری سفر کریں اور گھروں میں رہنے کے ساتھ ساتھ بار بار ہاتھ ملانے سے گریز کریں تاکہ وباء پر قابو پایا جا سکے ۔