ہمیں سے رنگِ گلستاں، ہمیں سے رنگِ بہار....

March 29, 2020

تحریر:عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل:زرش خان

ملبوسات:اجمیر طاہر

آرایش: دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

روئے زمین پر راج کرتےچاروں موسم دِلی کیفیات اور مُلکی حالات سے بے خبراپنی اپنی باری پرآتےاوراپنادورانیہ مکمل کرکے چلےجاتے ہیں کہ ازل سےیہ یونہی اپنے مخصوص نظام پر کاربند ہیں۔آج کل بہار رُت کا راج ہے اور جب رنگین پھولوں کا یہ موسم اپنے جوبن پر ہو، تو ہر طرف ترنگ اور خوشی کاسا عالم رہتا ہے۔ مگر وہ جو ایک شعر ہے ناں؎’’مجھ کو احساسِ رنگ و بُو نہ ہوا …یوں بھی اکثر بہار آئی ہے‘‘تو امسال رنگ بکھیرتا رنگیلاموسم انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجینسی کے نفاذ کے ساتھ آیا ہے۔مانا کہ فی الوقت حالات کے پیشِ نظر گھروں ہی میں ہر طرح کی تقریبات کا انعقاد سادگی سےجاری ہے، لیکن خوش نما، دیدہ زیب پیراہن زیبِ تن کرنے اور خود کو سجانے، سنوارنے کی کوئی ممانعت نہیں۔ تولیجیے،ہماری آج کی بزم ملاحظہ فرمائیے،جو جدّت و ندرت سے بَھرپور ملبوسات سے مرصّع ہے۔

ذرا دیکھیے،سیاہ رنگ کلیوں والی میکسی کس قدر پیاری لگ رہی ہے۔ میکسی کے گلے پر یوشیپ میں شیشہ ورک بےحد حسین تاثردے رہا ہے،تو ساتھ سیاہ رنگ بنارسی دوپٹّا،جوآتشی گلابی بنارسی پٹی ، شیشہ ورک لیس اور کرن سے آراستہ ہے، خُوب میل کھارہا ہے۔پھر گہرے نیلے رنگ کی قدرے لمبی کلیوں والی فراک کےبھی کیا کہنے۔فراک کے گھیر پر دھاگے کے کام کے ساتھ کہیں کہیں سکّوں کی آرایش بھلی لگ رہی ہے، تو کنٹراسٹ میں شیشوں اور سکّوں سے آراستہ آتشی گلابی رنگ کوٹی موسم کی مناسبت سےکِھلی کِھلی، نکھری نکھری ہے،جب کہ ثقافتی زیورات گویا سونے پہ سہاگے کے کام کررہے ہیں۔ پھر آتشی گلابی، سلور اور گولڈن زَری اور شیشہ ورک سے مرصّع سفید رنگ انگرکھا بھی اپنی جگہ لاجواب ہے کہ اس کے ساتھ گلابی رنگ بنارسی دوپٹّے نے لباس کی جاذبیت کچھ اور بھی بڑھا دی ہے۔اِسی طرح ماڈل کے ایک اور انداز میں سیاہ رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ قدرے لمبی اسٹائلش سی قمیص ہے، جس کے فرنٹ پر گلابی رنگ ربن اور شیشوں کی ہم آمیزی لیے سفید رنگ پینل کا انداز عمدہ لگ رہا ہے،توسفید رنگ گھیر دار کلیوں والی میکسی کے ساتھ کنٹراسٹ میں آتشی گلابی رنگ قدرے لمبی کوٹی بھی خاصا خوش گوار تاثر دے رہی ہے۔

ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں،دِل خودبخود گنگنا اُٹھے گا؎’’ہمیں سے رنگِ گلستاں، ہمیں سے رنگِ بہار‘‘ ۔