اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے مودی کے لاک ڈاؤن کی پہلے ہی دن دھجیاں اڑا دیں

March 26, 2020

اسلا م آباد (صالح ظافر) ہندو پجاری اور بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ نے ایک ہندو تقریب میں شرکت کرکے وزیر اعظم مودی کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کی پہلے ہی دن دھجیاں اڑا دیں۔ اطلاعات کے مطابق مودی سرکار نے کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران تمام مذہبی تقاریب پر پابندی لگائی تھی لیکن یہ حکم یوگی ادیتیا ناتھ کو ایودھیا میں ایک مذہبی تقریب میں شرکت سے نہیں روک سکا۔ ادیتیا ناتھ نے ایودھیا میں رام مندر کے متنازع مقام پر نصب رام للا کو ایک نئے عارضی مندر منتقل کرنے کی ایک تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس تقریب میں وزیر اعلیٰ اتر پردیش کے علاوہ مبینہ طور پر تقریباً 100 افراد نے شرکت کی جسے حزب اختلاف کی جماعتوں نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس یو پی کے صدر اجے کمار للو کا کہنا ہے کہ اگر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ، جن کا تعلق بی جے پی سے ہے، کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے سماجی دوری (سوشل ڈسٹینسنگ) پر وزیر اعظم کی ایڈوائس پر توجہ نہیں دیں گے تو پھر عام عوام کیوں دے گی۔