ضلع کچہری اور جوڈیشل کمپلیکس کے داخلی اور خارجی راستےسیل

March 26, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سید غلام مصطفیٰ کمال اور جنرل سیکرٹری چوہدری یاسر محمود چٹھہ سمیت دیگر ایگزیکٹو ممبران نے ہنگامی اجلاس میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر وکلاء برادری کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات پر زور دیا۔ اجلاس کے فیصلے کے مطابق تمام ملازمین میں ہینڈ سینٹائزر اور ماسک تقسیم کئے گئے اور تمام آمدورفت والی جگہوں پر جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا گیا۔ اسکے علاوہ ملازمین کو چھٹیاں دیکر گھروں میں روانہ کر دیا گیا۔ اس موقع پر وکلاء رہنمائوں نے حکومت پنجاب کے احکامات کے پیش نظر ضلع کچہری اور جوڈیشل کمپلیکس کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔ اب کچہری میں داخلے کیلئے ضلع کونسل کا گیٹ استعمال ہو سکے گا جبکہ تمام غیر ضروری اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر سخت پابندی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ وکیل کی اجازت کے بغیر کوئی شخص ضلع کچہری میں داخل نہ ہو سکے گا۔ جوڈیشل کمپلیکس میں بھی بغیر اجازت کوئی شخص داخل نہیں ہو سکے گا۔ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی نے تمام وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اس ضمن میں تعاون کریں۔