زائرین قرنطینہ میں اپنا وقت عبادات میں صرف کریں، علامہ شوکت رضا

March 26, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) قرنطینہ میں مقیم زائرین سے معروف عالم دین علامہ شوکت رضا شوکت اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خطاب کیا۔ علامہ شوکت رضا شوکت نے کہا ہے کہ ہر دور میں قوموں نے مشکل وقت کا سامنا کیا ہے، ہمیں اس مشکل گھڑی میں نظم وضبط کا مظاہرہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے اس لئے ہم کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کے تمام اقدامات کی تائید کرتے ہیں، تمام مکاتب فکر کے علماء اور اکابرین حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ زائرین قرنطینہ میں قیام کے دوران اپنا وقت عبادات میں صرف کریں۔ اس موقع پر ڈی سی عامر خٹک نے خطاب میں کہا کہ زائرین کی میزبانی میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی، زائرین کی تمام آسائشوں کا خیال رکھا جارہا ہے، زائرین کورونا وائرس سے چھٹکارا پانے کے لیے حکومت کی ہدایات پر عمل کریں، انہوں نے کہا کہ زائرین ایک دوسرے سے فاصلے پر رہیں۔