کورونا:انتہائی نگہداشت میں موجود مریضوں میں ہلاکت کی شرح 50فیصد

March 30, 2020

لندن (پی اے) کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں انتہائی نگہداشت میں موجود مریضوں میں ہلاکت کی شرح 50 فیصد ہے۔ انٹینسیو کیئر نیشنل آڈٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (آئی سی این اے آر سی) کی کورونا وائرس مریضوں کی انتہائی نگہداشت میں علاج کے نتائج پر تحقیقی رپورٹ کے مطابق انتہائی نگہداشت یونٹز (آئی سی یو) میں داخل کئے گئے 165کورونا وائرس مریضوں میں سے 79مریض ہلاک اور 86کو ڈسچارج کیا گیا جبکہ 609 مریض اس وقت بھی آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ اس سٹڈی میں 26 مارچ تک انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے 285 سی سی یوز کا تصدیق شدہ کورونا وائرس کیسز کا جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق 775 مریضوں میں سے 79 ہلاک، 86 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج اور 609 مریض اب بھی انتہائی نگہداشت یونٹس میں زیر علاج ہیں۔ سٹڈی کے مطابق داخل کئے گئے متاثرہ مریضوں میں 70.5 فیصد مرد اور 29.5 فیصد خواتین مریض ہیں، جن کی اوسط عمر 60.2 سال ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مردوں کا تناسب زیادہ ہے اور 79 ہلاکتوں میں 58 مرد اور 21 خواتین ہیں جبکہ اگر ایج گروپ کا جائزہ لیا جائے تو 9 مریض 16 سے 49 برس، 29 مریض 50 سے 69 برس اور 41 مریض 70 برس یا اس سے زائد عمر کے ہیں۔