صارف کے تبصرے پر رشی کپور مشتعل، بلاک کرنیکی دھمکی دیدی

April 01, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں لوگوں کو بالکل ایک نئے ہی انداز میں جینے پر مجبور کر دیا ہے۔ بازار بند، روزگار بند، سڑکیں سُنسان اور ساتھ ہی فلم انڈسٹری بھی بند۔ ایسے میں بولی وڈ ستارے کیا کریں۔ اب چونکہ سب لوگ خالی ہیں اور خبروں یا سوشل میڈیا پر بھی رہنا ضروی ہے تو سب اپنے اپنے کام پر لگ گئے۔ کسی نے یہ سبق پڑھانا شروع کر دیا کہ ہاتھ کس طرح دھوئیں تو کوئی گھر میں جم کی طرح کی کسرت کرنے کی ٹریننگ دے رہا ہے اور کئی بڑے بڑے ستارے مودی جی کے 21 دن کے لاک ڈاؤن پر پوری طرح عمل کرنے کی گذارش کر رہے ہیں۔ورون دھون کے ساتھ ساتھ کئی ستاروں نے ورک آؤٹ کی اپنی تصاویر پوسٹ کیں، ایسے میں فلمساز فرح خان کو غصہ آ گیا تو انھوں نے لکھا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے ان سنگین حالات میں اپنے ورک آؤٹ کی تصاویر پوسٹ کرنا بند کریں کیونکہ اس وقت لوگوں کو اپنے فگر کا خیال رکھنے سے بھی زیادہ سنگین مسائل درپیش ہیں۔ویسے غصہ تو رشی کپور صاحب کو بھی کافی آ رہا ہے۔ دراصل انھوں نے بھی کورونا وائرس کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایک اچھا سا پیغام لکھ کر اپنی اہم ذمہ داری پوری کرنے کی کوشش کی کہ ’بھائی گھر سے نہ نکلو،لوگوں سے نہ ملو، ہاتھ دھوئیں‘ وغیرہ وغیرہ۔جواب میں ایک منچلے ٹوئٹر صارف نے لکھا ’دارو کا کوٹہ تو فُل ہے نہ چنٹو چاچا۔‘ جبکہ ایک اور صارف نے جلتی پر تیل چھڑکتے ہوئے لکھا ’وسکی کاا سٹاک تو ہے نہ آپ کے پاس۔پھر کیا تھا چنٹو جی کو بہت غصہ آیا اور جواب میں انھوں نے ایسی ایسی سنائیں جنھیں لکھنا ذرا مشکل ہے، بہرحال انھوں نے یہ بھی کہا کہ میرے لائف اسٹائل یا میرے ملک کا مذاق بنانے والوں کو میں بلاک کر دوں گا۔