ٹرمپ کی بھارت کو دھمکی

April 07, 2020

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے خلاف کارروائی کرنے کی دھمکی دے دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہائڈروکسی کلوروکوئن دوا کی کھیپ امریکا نہ بھیجنے پر بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کریں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق بھارت ملیریا کی دوا ہائڈروکسی کلوروکوئن خاصی بڑی مقدار میں بناتا ہے۔

برطانوی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہائڈروکسی کلوروکوئن کو کورونا (کووڈ 19) کےخلاف لڑائی میں ’گیم چینجر‘ قرار دیا تھا۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے دوا ساز کمپنیوں کو کورونا کی زیرِ تجربہ دوائیں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو مہیا کرنے کی ہدایت کر دی۔

وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران امریکی صدر نے بتایا کہ 2 امریکی کمپنیوں نے وائرس کا توڑ نکالا ہے، ان سے فوری لندن رابطہ کرنے کا کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹرمپ کو بھی چین میں کورونا کیسز کی تعداد پر شک

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ماہرین نے لندن میں بورس جانسن کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی ہے، دیکھنا ہے کہ وہ اس تجویز پر عمل کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، بورس جانسن کے تمام ڈاکٹروں سے رابطہ کیا ہے ۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا ہمیشہ اصرار رہا ہے کہ ملیریا کی دوا کورونا کے خلاف گیم چینجر ہو سکتی ہے ۔