افغانستان، طالبان کے 100 غیرمعروف قیدی رہا، امریکا اپنا وعدہ پورا کرے، طالبان

April 09, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان کی حکومت نے طالبان کےغیر معروف 100 قیدیوں کو رہا کردیا ہے، رہائی پانے والوں میں طالبان کے سرکردہ کمانڈرز شامل نہیں ہیں ، ایک روز قبل ہی طالبان نےطالبان حکومت کیساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ، طالبان نے بدھ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکا قیدیوں کی رہائی سے متعلق اپنے وعدے پر عملدرآمد یقینی بنائے ، طالبان نے کہا کہ کابل حکومت جنگ اور غیر ملکی افواج کا انخلاء نہیں چاہتی جبکہ امریکا کی جانب سے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی واضح عندیہ نہیں ملا ہے اور نہ ہی اس نے کوئی اثر و رسوخ استعمال کیا ہے ، طالبان کا اصرار ہے کہ کابل حکومت ان کے15 سرکردہ کمانڈرز کو رہا کرے، دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ پر زور دیا کہ وہ سیاسی تصفیے کے لیے مذاکرات شروع کریں۔ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جاری سیاسی تنازع جلد حل ہو جائے گا۔واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ کچھ پیش رفت ہوئی ہے لیکن ہم دیکھ رہے کہ میڈیا میں کچھ اور باتیں کی جا رہی ہیں، تفصیلات کے مطابق افغان حکومت نے طالبان کے 100قیدیوں کو کم خطرے کا حامل قرار دیکر رہا کردیا ہے ۔