گلابی ہوتی جاتی ہیں فضائیں...

April 19, 2020

تحریر:عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: شاہینہ

ملبوسات: مُنوش برائیڈل

کلیکشن، کراچی

آرایش : ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی:ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

امجد اسلام امجد کی ایک نظم ہے؎’’سب تمہارے لیے…جانِ جاں یہ جہاں، یہ زمیں آسماں…یہ مِرے رات دِن، خاک ہیں تیرے بِن… یہ مِری زندگی، دوستی، دشمنی…راستے، واسطے، سب تمہارے واسطے…تم جو دیکھو تو میرے شب و روز کو …کوئی مطلب مِلے…تم جو پوچھو تو میرے ہر اِک حرف کو…کوئی مرتبہ مِلے، کوئی منصب مِلے…تم جو سوچو مِرے واسطے کچھ کبھی…مَیں ستاروں کو مُٹھی میں بَھر لاؤں گا…تم اگر ایک دِن مجھ کو آواز دو…مَیں جہاں پر بھی ہوں،لوٹ آؤں گا…یہ مِرے جسم و جاں، میرے شعر و سخن… میری تنہائیاں… بزمِ آرائیاں…اَب تمہارے لیے… سب تمہارے لیے‘‘۔تو اگر کوئی اپنا سب کچھ آپ کے نام کرنے کو تیار ہو، تو پھر واجب ہے کہ آپ بھی خُوب صُورت، دِل کش پیراہن سے آراستہ و پیراستہ ہو کر آنکھوں کے رستے، دِل میں بسنے کا خُوب اہتمام کریں۔

تو لیجیے، ہماری آج کی بزم کچھ ایسے ہی حسین و دِل کش ملبوسات سے مرصّع ہے کہ جو اپنائے، سیدھا دِل میں اُتر جائے۔

ذرا دیکھیے، شیفون جارجٹ فیبرک میں جامنی رنگ بھاری کام دار کلیوں والی فراک کیسی پیاری لگ رہی ہے۔پھر سُرخ رنگ بنارسی غرارے، بینگنی رنگ بنارسی قمیص کے ساتھ جارجٹ فیبرک میں سُرخ کام دار اَپر کا بھی جواب نہیں،جب کہ کنٹراسٹ میں کریم رنگ دوپٹّا ہے، جس میں جا بجا ستارے ٹانکے گئے ہیں۔ اِسی طرح آف وائٹ اور فیروزی کامبی نیشن کے دِل کش پیراہن کی بھی شان نرالی ہے۔ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ فرنٹ اوپن کام دار فُل لینتھ قمیص ہے،تو ساتھ فیروزی رنگ نیٹ دوپٹا بھی خاصا خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔ پھر ساٹن سِلک کا فیروزی رنگ لباس بھی جاذب ِنظر ہے۔ پلین غرارے کے ساتھ ڈبل لیئر پیپلم کا اِنر پلین اور اَپر نیٹ کا ہے تو گھیر پر تھریڈ ورک نمایاں ہے۔ اور نیٹ کی سیاہ رنگ فرنٹ اوپن کلیوں والی میکسی کے بھی کیا ہی کہنے، جس کے اطراف میں مٹیالے رنگ کی ستاروں سے آراستہ کلیاں ہیں، تو اِسی رنگ میں دوپٹا بھی خُوب کِھل رہا ہے۔