کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)دکی کے رہائشی سید عبدالقدوس نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ڈی ایم اے میں ان کی ملازمت کے آرڈر کرکے کسی دوسرے شخص کو ملازمت دینے اور خالی اسامیوں پر اپنے رشتہ داروں کو مبینہ طور پر لگانے کا نوٹس لیکر ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 22 اپریل کو پی ڈی ایم اے میں نائب قاصد کی اسامی پر ان کی تقرری کے احکامات جاری ہوئے اور میں نے جوائنگ بھی دی جس کے بعد مجھے کہا گیا کہ آپ کو نائب قاصد کیلئے ٹریننگ لینی پڑے گی اس لئے آپ اپنے نائب قاصد کے آرڈر دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے پاس جمع کرائیں میں نے اپنی تقرری کے آرڈر انکے پاس جمع کرادیئے جب کچھ دن بعد میں نے ان سے اپنی نوکری کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام سے بات کرکے مجھے جواب دیا جائے گا لیکن اس سے پہلے میری جگہ کسی اور شخص کو نوکری دیدی گئی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری نوکری کے آرڈر جاری کرکے واپس لینا سمجھ سے بالاتر ہے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان اسکا نوٹس لیں تاکہ آئندہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔