ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر سمندر میں ڈوب کر ہلاک

May 22, 2020

سابق ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) اسٹار شیڈ گیسپرڈ لاس اینجلس کے ایک سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ ساحل پر موجود ایک شخص نے گشت کرنے والے افسران کو لاش کے ساحل پر آنے کی اطلاع دی۔

بعدازاں پولیس نے لاش کی شناخت شیڈ گیسپرڈ کے نام سے کی اور پھر ان کے خاندان کو بھی اطلاع دی گئی۔

پولیس کے مطابق شیڈ گیسپرڈ گزشتہ اتوار کو اپنے 10 سالہ بیٹے آریہ کے ساتھ تیراکی کرنے کے لیے ساحل پر گئے تھے جس دوران وہ سمندر میں ڈوب گئے جب کہ ان کے 10 سالہ بیٹے کو ریسکیو حکام نے باحفاظت نکال لیا۔

پولیس نے بتایا کہ شیڈ گیسپرڈ جب ساحل سے 50 گز کے فاصلے پر تھے تب انہیں آخری مرتبہ ایک ریسکیو اہلکار نے دیکھا تھا جس کے بعد وہ ڈوب گئے تھے۔

39 سالہ شیڈ گیسپرڈ نے اپنے ساتھی جے ٹی جی کے ساتھ ٹیگ ٹیم گروپ کرائم ٹائم کے نصف حصے کی حیثیت سے ڈبلیو ڈبلیو ای میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔