امریکا اور کینیڈا میںکل عیدالفطر منائی جائے گی

May 23, 2020

نیویارک (عظیم ایم میاں) پہلے سے طے شدہ مسلم قمری کیلنڈر پر عمل کرنے والی مسلمان تنظیموںاور مساجد نے امریکہ و کینیڈا بھر میں 24؍ اپریل کو پہلا روزہ رکھ کر 23؍ مئی کو 30؍ روزے مکمل ہونے پر اتوار 24؍مئی کو عیدالفطر منانے کااعلان کیاہے۔ رویت ہلال یعنی چاند دیکھ کر رمضان کا آغاز کرنے والی اہل سنت کی تنظیموں اور مساجد نے بھی24؍ اپریل کو آغاز رمضان کیا اور اب وہ شوال کاچاند نظر آنے کے بارے میں 29؍روزے ہونے ۜپررویت ہلال کے سلسلے میں 22؍ مئی کی شام اجلاس منعقد کرکے عیدالفطر کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ امریکا و کینیڈا کے اہل تشیع کے علماء اور مراکز نے رویت ہلال کے بارے میں عدم شہادت کی بنا پر ایک روز بعد 25؍ اپریل کو پہلا روزہ رکھا اور اب 23؍ مئی کو 29؍ روزے کی افطاری کے بعد رویت ہلال اور عیدالفطر کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ کورونا کی مشکلات، اموات، مسائل اور پابندیوں کے دوران مساجد میں اجتماعات، نماز ور تراویح سے محروم رہ جانے والی مسلم کمیونٹی کے بعض اکابرین اس خواہش کا اظہار کررہے ہیں کہ شمالی امریکا میں اقلیت رکھنے والی مسلم کمیونٹی کے تمام مکاتب فکر اتفاق رائے کےساتھ ایک ہی روز سادگی سےعیدالفطر منائیں اور کورونا سے نجات حاصل کرنے اورکورونا سےہلاک ہونے والوںکیلئے دعائیں مانگیں۔ ادھر امریکا میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذالعمل مختلف امریکی ریاستوںاور مقامی شہری حکومتوں کے نافذکردہ ضوابط اور پابندیوں کے باعث عیدالفطر کی نماز اور اجتماعات کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔