پی بی اے کی ریڈیو براڈ کاسٹ انڈسٹری کے خلاف پیمرا کے اقدامات کی مذمت

May 23, 2020

پی بی اے کی ریڈیوبراڈ کاسٹ انڈسٹری کے خلاف پیمراکے اقدامات کی مذمت

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے ریڈیو براڈ کاسٹ انڈسٹری کے خلاف پیمرا کے اقدامات کی مذمت کی ہے اور پرائیوٹ ریڈیو براڈ کاسٹرز سے پیمرا کی اضافی ٹیکس وصولیوں پر شدید احتجاج کیا ہے۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق میڈیا انڈسٹری میں جاری معاشی بحران کے اس وقت میں پیمرا کی زیادتیاں قابل مذمت ہیں، پیمرا ریڈیو براڈ کاسٹرز سے لائسنس کی تجدید کے لیے اصل سے بھی کئی گنا زیادہ فیس لے رہا ہے۔

پی بی اے کا کہنا ہے کہ معاشی بحران میں میڈیا کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے پیمرا ظالمانہ ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔

پی بی اے پیمرا کی اپنے ہی بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے حکام نے وزیراعظم، وزیراطلاعات، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم معاملے کا نوٹس لےکر ریڈیو انڈسٹری کو پیمرا کے ہاتھوں تباہ ہونے سے بچائیں۔

پی بی اے کا کہنا ہے کہ پیمرا مذموم ہتکھنڈوں سے باز نہ آیا توسیکڑوں ریڈیو اسٹیشن بند ہو جائیں گے اور ہزاروں کارکنان بے روزگار ہوجائیں گے۔