انوشے اشرف سے’ارطغرل‘ کی ویڈیو کال مِس ہوگئی

May 28, 2020


پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان انوشے اشرف نے شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ کی جانب سے کی جانے والی ویڈیو کال مِس کردی۔

حال ہی میں انوشے اشرف نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، انوشے اشرف کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں اداکارہ کے تُرک دوست مرات اور اُن کے ہمراہ انجن التان ہیں۔


انوشے اشرف نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اِس بات کا انکشاف کیا کہ اُنہوں نے غلطی سے انجن التان یعنی ارطغرل کی ویڈیو کال مِس کردی تھی جس کے بعد اُن کے دوست مرات نے انجن التان کے ہمراہ اداکارہ کو عید مبارک کا خصوصی ویڈیو پیغام بھیجا۔

ویڈیو میں انجن التان نے انوشے اشرف کو اور اپنے تمام پاکستانی مداحوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنا ایک خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

انوشے اشرف نے کہا کہ ’میرے دوست مرات کی جانب سے مجھے عید کا سب سے بہترین تحفہ موصول ہوا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میرا موبائل سائلنٹ پر ہونے کی وجہ سے میں نے انجن التان کی ویڈیو کال مِس کردی جس کا مجھے بہت افسوس ہے۔‘

اُنہوں نے تُرک عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’اگلی بار حلیمہ سلطان اور ’ارطغرل غازی‘ کے سیزن 2 میں ’ارطغرل‘ کے مرکزی دشمن’نویان‘ سے ویڈیو کال پر بات کروں گی۔‘

یاد رہے کہ انوشے اشرف کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُن فنکاروں میں ہوتا ہے جو تُرک سیریز’دیرلیش ارطغرل‘ کو بےحد پسند کر رہے ہیں۔