• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوشے اشرف کی پاکستانیوں کے رویے پر ترکش اداکارہ سے معذرت

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشے اشرف نے پاکستان میں مقبول ہوتے ترکش ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی اسراء بلجیک سے پاکستانیوں کے رویے پر معذرت کرلی۔

واضح رہے کہ اسراء بلجیک کی سوشل میڈیا پر مغربی لباس زیب تن کئے شیئر کی جانے والی تصویروں سے مداح سخت نالاں نظر آرہے تھے اور انہیں پاکستانی مداحوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

انوشے اشرف نے پاکستانیوں کے اس رویے پر اداکارہ سے پوری قوم کی جانب سے معذرت کرتے ہوئے ان کی خوبصورت کی تعریف کی اور لکھا کہ پاکستانیوں کے منافقانہ رویے سے وہ تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ وہ اسراء بلجیک کے تمام ڈرامے اسی شوق سے دیکھیں گی اور انہیں صرف شخصیت پر ہی پرکھیں گی نہ کہ کسی کردار سے جو انہوں نے بخوبی ادا کیا ہے۔

اسراء بلجیک کے لباس پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی لباس میں صرف ایک تصویر شیئر کرنے پر اسراء بلجیک کو پاکستانی مداحوں کی جانب منفی ردعمل کا سامنا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وہ ’حلیمہ سلطان‘ نہیں بلکہ ایک اداکارہ ہیں۔

ترکش سیریز ’دیریلش ارطغرل‘ یا ’ارطغرل غازی‘ کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، ارطغرل سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔

اس ڈرامے میں ارطغرل کی بیوی حلیمہ سلطان کا کردار ترک اداکارہ اور ماڈل اسراء بلجیک نے نبھایا ہے جن کے کام کو خوب پسند کیا جارہا ہے۔

پاکستان میں بھی اسراء بلجیک کے کام کو بےحد پسند کیا گیا تاہم ان کے مداح یہ بھول گئے کہ وہ اصل زندگی میں حلیمہ خاتون نہیں ہیں۔

تازہ ترین