ہالی ووڈ میں پاکستانی لہجے کا مذاق اڑانے کی آفر ٹھکرائی: کمیل ننجیانی

May 28, 2020

آسکر نامزد پاکستانی نژاد کامیڈین کمیل ننجیانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہالی ووڈ کی جانب سے پاکستانی لہجے کو غلط انداز میں پیش کرنے کے کردار کی پیشکش ٹھکرا چکے ہیں۔

کمیل جنوبی ایشیائی لہجے کی وجہ سے ہالی ووڈ میں کافی مقبول ہیں، وہ جنوبی ایشیائی خطے کے کرداروں کو غلط انداز اور خاص طور پر پاکستانی کرداروں کو غلط انداز میں پیش کرنے کے سخت مخالف بھی ہیں۔

کامیڈین اداکار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں ہالی ووڈ فلم میں ایک ایسا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی گئی تھی جو پاکستانی لہجے کو غلط یا انتہائی مضحکہ خیز انداز میں پیش کرتا ہے۔

کمیل ننجیانی نے مذکورہ پیش کش صرف اسی وجہ سے مسترد کی تھی کیونکہ اس میں انہیں پاکستانی لہجے کو غلط انداز میں پیش کرنا تھا۔

کمیل ننجیانی کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں پاکستانی لہجے کے کردار دیے جائیں مگر وہ ایسے کردار کسی بھی صورت میں محض اس لیے ادا نہیں کریں گے کہ انہیں مضحکہ خیز انداز میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ کمیل ننجیانی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سےحاصل کی۔

کمیل 18 سال کی عمر میں امریکا منتقل ہوگئے اور وہاں انہوں نے کمپیوٹر سائنس اور فلاسفی کی تعلیم حاصل کی۔

کمیل ننجیانی اب تک 30 کے قریب فلموں، سیریز اور ڈراموں میں کام کر چکے ہیں، وہ آنے والی سپر ہیرو سائنس فکشن فلم (دی اٹرنل) میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، انہوں نے متعدد فلموں میں مسلمانوں کے کردار ادا کیے۔

کمیل کا شمار امریکا کے معروف کامیڈین اداکاروں میں ہوتا ہے۔