برطانیہ اگست تک کورونا بحران سے نکل جائے گا، پروفیسر کرول سکورا

May 29, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سابق سربراہ‘ ڈبلیو ایچ او کینسر پروگرام کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر کرول سکورا نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ اگست تک کورونا وائر س سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیگا اور حالات عملی طور پر معمول پر آ سکیں گے، انہوں نے مئی کے وسط میں لاک ڈائون میں نرمی ہونے کی بھی پیش گوئی کی تھی، پروفیسر کرول سکورا کا دعوٰی ہے کہ اگست یا اس سے بھی قبل حالات معمول پر آنا شروع ہو جائیں گے، تاہم ہمیں ہر طرح کے حالات سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ پروفیسر سکورا جو امیونولوجی میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں کی پیش گوئیاں لوگوں کیلئے امید کی کرن بن رہی ہیں، ہزاروں افراد نے کورونا وائرس لاک ڈائون کے دوران ان کے تبصروں اور پیش گوئیوں پر عمل کیا، پروفیسر سکورا نے کہا کہ مارچ کے آخر میں مئی کے دوسرے ہفتے کے قریب حالات میں بہتری کی پیش گوئی کی تھی مگر ا س پر کچھ لوگوں نے اسے مذاق کے طو رپر لیا تھا انہوں نے کہا کہ حالات اب مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں دیگر یورپی ممالک کی نسبت برطانیہ میں لاک ڈائون میں نرمی پیدا ہوئی ہے اور حالات معمول پر آ رہے ہیں، مارچ اور اپریل انتہائی خوفناک تھے، مئی کچھ بہتر ثابت ہوا ہے جون میں حالات مزید نمایاں ہو جائیں گے اور اگست کے قریب معمولات زندگی بحال ہونے کی توقع ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سابق سربراہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانس نے 10مئی کو لاک ڈائون قوانین میں پہلی مرتبہ نرمی کااعلان کیا سیکرٹری صحت مینٹ ہینکوک پر بھی مستقبل قریب میں حالات کی بہتری کیلئے پر امید ہیں حکومت کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے ‘ اور وائرس کا شکار افراد کی تشخیص کیلئے جدید ترین وسائل اور سائنسی ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لا رہی ہے جس کی مدد سے مریضوں کی ٹریسنگ‘ ٹریکنگ اور علاج معالجہ میں مدد حاصل ہو رہی ہے۔