حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے غفلت کا مظاہرہ کیا،جمعیت نظریاتی

May 29, 2020

کوئٹہ( آن لائن )جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چشتی صوبائی جنرل سیکرٹری عبیداللہ حقانی نے شرن سیدان جگدہ کمالزئی حاجی زئی سیدان تورہ شاہ یارو سمیت پشین کے مختلف علاقوں کادورہ کیا شرن سیدان میں مولوی آغامحمد اورخان محمدچشتی کے ظہرانہ میں شرکت کی علاقے کے زمینداروں سیدحاجی شاہ محمد آغا سیدحاجی محمدعیسیٰ سیدفیض اللہ نیازمحمد اوردیگر نے ٹڈی دل سے فصلوں اور باغات کو ہونے والےاربوں روپے کے نقصانات سے آگاہ کرنے کے علاوہ باغات اور فصلات کامعائنہ کرایا۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ روزڈی سی پشین نے زراعت کے افسران اورزمینداروں کا اجلاس بلایا تھا۔ زمینداروں نے ٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ اور فضائی اسپرے کامطالبہ کیا لیکن اب تک نہ کوئی اسپرے کیاگیااورنہ ہی دیگر کو ئی اقدام کیا گیا جس کے باعث زمیندار اور عوام پریشان ہیں۔بعدازاں جمعیت نظریاتی کے رہنمائوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نےاسپرے کرنے اور ٹڈی دل کے انڈوں کو تلف کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کیا اگربروقت اسپرے کیاجاتا اور انڈے تلف کرنے کے لیے اقدامات کیے جاتے تو صورتحال اس قدر گھمبیر نہ ہوتی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے مسلسل جھوٹ بولا جارہا ہے ،صرف اخباری بیانات ہیں اور دعوے کیے جارہے ہیں عملاً کوئی اقدام نظر نہیں آرہا۔انہوں نے کہاکہ جھوٹ بولنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ٹڈی دل کےخاتمے کےلیے عملاً اقدامات کیے جائیںاور اب تک زمینداروں کو ہونےوالے نقصانات کا ازالہ کیا جائے ۔