ارطغرل غازی ایک زبردست تُرک سیریز ہے، منیب بٹ

May 30, 2020


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ارطغرل غازی ایک زبردست تُرک سیریز ہے۔

حال ہی میں منیب بٹ نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپنی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں اداکار تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی کہانی، پروڈکشن اور کرداروں کے حوالے سے اپنا اظہار خیال کر رہے ہیں۔

اِسی حوالے سے منیب بٹ نے کہا کہ ’میں نے ارطغرل دیکھا اور ایک اداکار ہونے کی حیثیت سے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ارطغرل غازی کی پروڈکشن بہت زبردست ہے اور جس طرح سے اُنہوں نے کردار بنائے ہیں وہ سب بہت ہی اعلیٰ ہے۔‘

منیب بٹ نے ارطغرل غازی کو اُردو زبان میں ڈب کرکے سرکاری ٹی وی پر نشر کیے جانے پر تنقید کرنے والے فنکاروں کے حوالے سے کہا کہ ’ میرے کچھ ساتھی اداکار اور سینئر فنکار کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مواد کے بجائے اپنا مقامی مواد پاکستانی عوام کے لیے نشر کیا جائے جبکہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ارطغرل غازی کی حمایت کر رہے ہیں۔‘

اِس پر اداکار نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ’تُرکی سے ہم پاکستانیوں کی ایک الگ وابستگی ہے کیونکہ ترکی ایک اسلامی ملک ہے ہم اُن کے مواد پر اس طرح پابندی عائد نہیں کرسکتے جیسے ہم نے بھارتی مواد پر لگائی ہے۔‘

منیب بٹ نے کہا کہ ’میں وزیراعظم عمران خان کے فیصلے پر بہت خوش ہوں کہ اُنہوں نے ایک اسلامی تاریخ پر مبنی تُرک سیریز پاکستان میں نشر کروائی۔‘

اداکار نے کہا کہ ’دوسری جانب جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اب ہمیں صرف ترکش مواد ہی پاکستان میں نشر کرنا چاہیے تو میں اُن کے بھی خلاف ہوں کیونکہ اگر ایسا ہوا تو ہماری اپنی شوبز انڈسٹری تباہ ہوجائے گی، ہمارے پاس بہت ہی قابل لوگ ہیں اور ہمیں اُن کے کام اور صلاحیت کو سراہنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر حکومت پاکستان سارا ہی ترکش مواد پاکستان میں نشر کرے گی تو یہ غلط ہوگا کیونکہ اس سے ہم جیسے تمام فنکاروں کو نقصان ہوگا۔‘





آخر میں منیب بٹ نے کہا کہ ’میں ایک بار پھر کہوں گا کہ ارطغرل غازی ایک لاجواب سیریز ہے اور میں خود بھی اطغرل کا ایک بہت بڑا مداح ہوں۔‘

منیب بٹ نے کہا کہ ’آپ لوگ ارطغرل غازی کو بھی دیکھیں لیکن کوشش کریں کہ ہمارے اپنے مقامی ڈرامے بھی دیکھے جائیں۔‘

اداکار کی 4 منٹ 29 سیکنڈز کی ویڈیو کوصرف چند ہی گھنٹوں میں 7 ہزار سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔






واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے اُردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان میں خوب مقبولیت مل رہی ہے اور اِس سیریز نے پاکستانیوں کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔